مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دینے پر قطر کی مشکور ہوں، مریم نواز
لاہور(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑے ہونے پر قطر کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔وزیراعظم شہبازشریف کی طرف سے عوام اور تاجروں کو بجلی پر ریلیف دیئے جانے پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف صاحب کے اس غریب دوست اقدام کا خیر مقدم کرتی ہوں۔
ن لیگ کی نائب صدر کا کہنا تھا کہ مجھے کوئی شک نہیں ہے کہ انشاءاللّہ وزیراعظم شہباز شریف عوام کو ریلیف دینے میں کامیاب ہوں گے۔ایک اور ٹویٹ میں شہباز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ میرے وزیراعظم آپ کامیاب رہیں۔
انہوں نے آخر میں لکھا کہ پاکستان کے ساتھ کھڑے ہونے پر قطر کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔ایک اور ٹویٹ میں لیگی نائب صدر نے لکھا کہ پنجاب کے ضلع راجن پور کی تصاویر دیکھ کر دل تڑپ گیا۔ میں ان سے ملنے کے لیے خود جا رہی ہوں، تمام حکومتوں اور مخیر حضرات سے درخواست ہے مصیبت میں مبتلا اللّہ کی مخلوق کی خبر گیری کریں۔