خاتون جج کو دھمکی پر توہین عدالت کیس،عمران خان کو شوکاز نوٹس، 31 اگست کو ذاتی حیثیت میں طلب
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)خاتون جج کو دھمکی دینے پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کو شوکاز نوٹس جاری کردیا، اکتیس اگست کو ذاتی حیثیت میں عدالت طلب کرلیا۔
جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا وزیراعظم رہنے والے لیڈر سے اس طرح کے بیان کی توقع نہیں کی جاسکتی، پورے پاکستان میں ججز کام کررہے ہیں، کوئی کورٹ فیصلہ دے گی تو کیا اسکے خلاف تقریریں شروع کردیں گے؟ عام آدمی کو کس طرف لے جارہے ہیں کہ وہ اٹھے اور اپنا انصاف خود شروع کردے؟ اگریہ ماحول بنانا ہے تو کام تو ہوگا ہی نہیں۔
ایڈووکیٹ جنرل نے بتایا عمران خان عدلیہ اورالیکشن کمیشن کے خلاف مسلسل ایسی گفتگو کرتے ہیں اور انصاف کی راہ میں رکاوٹ بن رہے ہیں۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے تین سے زائد ججز پر مشتمل بینچ تشکیل دینے کیلئے معاملہ چیف جسٹس کو بھجوا دیا گیا۔ مزید سماعت 31 اگست تک ملتوی کردی گئی۔