بلوچستان میں حالیہ بارشوں اورسیلاب سے اربوں روپے کا نقصان ہوا ہے، عبدالکریم نوشیروانی

کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق صوبائی وزیر میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو موجودہ صوبائی پی ایس ڈی پی میں 50فیصد کٹ لگا کر یہ فنڈز صوبے کے ان علاقوں میں منصفانہ طور پر خرچ کریں جو کہ بارشوں اور سیلاب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ حالیہ بارشیں اور سیلاب قہر الٰہی ہے عوام توبہ و استغفار کے ساتھ ساتھ صدقہ اور خیرات کریں اور اللہ تعالیٰ کے حضور معافی کے طلبگار ہوں کیونکہ صدقہ و خیرات ردوالبلا ہے یہ قہر الٰہی ہمارے اعمال اور کرتوتوں کا نتیجہ ہے۔ یہ بات انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر خاران کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ سابق صوبائی وزیر میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہاکہ بلوچستان حکومت کے مسائل زیادہ اور وسائل کم ہیں۔ بلوچستان میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے اربوں روپے کا نقصان ہوا ہے وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجو اس قدرتی آفت میں تنہا جنگ لڑ رہے ہیں گوکہ چاروں صوبے بارشوں اور سیلاب کی زد میں ہیں لیکن زیادہ بلوچستان متاثر ہوا ہے۔ بلوچستان حکومت کو وفاقی حکومت اور ڈونرز جب تک کندھا نہیں دیں گے اس وقت تک وہ اس خطرناک صورتحال سے نہیں نکل پائیں گے۔ انہوں نے مزید کہاکہ میرا وزیراعلیٰ بزنجو کو یہ مشورہ ہے کہ وہ فوری طور پر اس ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے صوبائی پی ایس ڈی پی میں 50فیصد کٹ لگائیں اور اس فنڈز کی منصفانہ تقسیم کے لئے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دیں جوکہ صوبے کے متاثرہ علاقوں کی رپورٹ مرتب کرکے ان کے نقصانات کے ازالے کیلئے صحیح معنوں میں یہ فنڈ خرچ کرے۔ انہوں نے کہاکہ حالیہ بارشیں اور سیلاب قہر الٰہی ہے توبہ استغفار کے ساتھ ساتھ صدقہ اور خیرات کی ضرورت ہے۔ صدقہ و خیرات ردوالبلا ہے یہ ہمارے اعمال اور کرتوتوں کا نتیجہ ہے جس کا ہمیں دنیا میں ہی سامنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ نہ ہم عوام کے ساتھ مخلص ہیں اور نہ ہی ملک کے ساتھ۔ آج بھی سیاسی دھینگا مشتی جاری ہے ہم نے پاکستان کو آئی ایم ایف کی گود میں ڈال دیا ہے ملک اور عوام کو تین قسم کے طوفان کا سامنا ہے ایک مہنگائی، دوسرا آئی ایم ایف اور تیسرا بارشوں و سیلاب کا، ان طوفانوں سے نکلنے کا ایک ہی راستہ ہے کہ ہم رحم کیلئے اللہ کے حضور دعا اور توبہ استغفار کریں اور صدقہ خیرات کرکے رب کو راضی کریں۔ انہوں نے کہاکہ ملک تباہی کے دھانے پر کھڑا ہے اور عوام بھوک و افلاس مہنگائی اور سیلاب سے مررہے ہیں اسلام آباد میں سیاستدانوں نے اقتدار کیلئے تماشے لگارکھے ہیں اور ایک دوسرے کی ٹانگین کھینچ رہے ہیں الزام تراشی کررہے ہیں کسی کو اس ملک اور عوام سے کوئی سروکار نہیں ایسے میں قہر الٰہی نہیں آئے گا تو پھر کیاآئیگا، اللہ کی لاٹھی بے آواز ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے