کرخسہ اور کچلاک ڈیم ٹوٹنے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں، ایگزیکٹو انجینئر ایری گیشن

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) ایگزیکٹو انجینئر ایری گیشن ڈویژن کوئٹہ انجینئر ندیم احمد دہوار نے کہا ہے کہ کرخسہ اور کچلاک ڈیم ٹوٹنے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں شدید بارشوں کے بعد ڈیمز میں گنجائش سے زیادہ پانی آنے کی وجہ سے ڈیمز کے سپیل وے کھولے گئے تھے،محکمہ ایری گیشن کی ٹیمیں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے چوبیس گھنٹے الرٹ ہیں۔ پیر کو یہاں بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز کوئٹہ، نوحصار، کچلاک، ہنہ،سرہ خلہ،سرہ غڑگئی، کانک، اغبرگ میں توقع سے زیادہ شدید بارش ہوئی جس کی وجہ سے کرخسہ اور کچلاک ڈیم میں پانی کی سطح بلند ہونے کے باعث ڈیمز کے سپیل وے کھول دیئے گئے جس سے پانی کا اخراج ہوا۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر کرخسہ اور کچلاک ڈیم ٹوٹنے سے متعلق خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے دونوں ڈیمز الحمد اللہ محفوظ ہیں اورانکے سپیل وے سے 12سے 14گھنٹے تک پانی کا اخراج کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ ایری گیشن کی 4ٹیمیں اغبرگ، نوحصار، ایسٹرن بائی پاس، ہنہ،کرخسہ اور،اخترآباد میں کام کررہی ہیں اور مسلسل ڈیمز کی نگرانی کی جارہی ہے اور صورتحال مکمل طور پر کنٹرول میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کچلاک ڈیم کا سپیل وے کھولنے کی وجہ سے جب پانی کا اخراج ہوا توپاکستان ہاوسنگ اسکیم اتھارٹی کی جانب سے پانی کا راستہ بند کئے جانے کے باعث پانی آبادی میں داخل ہوا۔انہوں نے کہا کہ محکمہ ایری گیشن اپنے زیر کنٹرول آنے والے نالوں پر تجاوزات کے خاتمے اورنالوں کی صفائی کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھارہا ہے تاہم فنڈز کی کمی کی وجہ سے کچھ مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے اگر حکومت اضافی فنڈز اور نفری فراہم کی جائے تو نہ صرف نالوں پر تجاوات کامکمل خاتمہ کردیا جائے گا بلکہ نالوں کی صفائی کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔ندیم احمد دہوار نے کہا کہ آئندہ چند دنوں میں مزید تیز بارشوں کی پیشن گوئی کی گئی ہے لہذا سیلابی نالوں کے پاس آباد رہائشیوں کو چاہئے کہ وہ محفوظ مقامات پر منتقل ہوجائیں تاکہ کسی بھی نقصان سے بچاجاسکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے