وزیراعلیٰ بلوچستان کی وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال سے ملاقات، منصوبوں کے مختص فنڈز کے اجراء میں سست روی پر تشویش کا اظہار
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) ب وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال سے اہم ملاقات،بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے بنیادی ڈھانچہ کی تعمیر نو اور متاثرین کی بحالی میں وفاقی حکومت کی معاونت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پیر کو وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے اسلام آباد میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال سے اہم ملاقات کی۔ ملا قات میں وفاقی پی ایس ڈی پی میں شامل بلوچستان کے منصوبوں کے فنڈز کے بروقت اور فوری اجراء سے متعلق امور کا جائزہ اور بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے بنیادی ڈھانچہ کی تعمیر نو اور متاثرین کی بحالی میں وفاقی حکومت کی معاونت پر تبادلہ خیال کیا گیا،ملاقات کا انعقاد وزیراعظم محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر کیا گیا۔ملاقات میں وفاقی وزراء مو لانا عبدالواسع،سردار اسرار ترین،آغا حسن بلوچ،میر ہاشم نوتیزئی،سینیٹر محمد عبدالقادر،چیف سیکریٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی،وفاقی سیکریٹری پلاننگ اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری پی اینڈ ای بلوچستان بھی موجود تھے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلو چستان میر عبد القدو س بزنجو نے بلوچستان میں وفاقی منصوبوں کے مختص فنڈز کے اجراء میں سست روی پر تشویش کا اظہار کر تے ہوئے کہا کہ بلوچستان کی ترقی کے لئے وفاقی کا تعاون ناگزیر ہے،وفاقی منصوبے فنڈز کے بروقت اجراء سے مقررہ مدت میں مکمل ہو سکتے ہیں۔وزیراعلیٰ میر عبد القدوس بزنجو نے کہا کہ وزیراعظم کے شکر گزار ہیں کہ وہ بلوچستان کی ترقی سیلابی صورتحال اور مسائل کے حل میں زاتی دلچسپی لے رہے ہیں۔اس موقع پر وفاقی زیر احسن اقبال نے کہا کہ ویراعظم نے بلوچستان کی ترقی کے لئے بھرپور معاونت کی ہدایت کی ہے،انہوں نے یقین دہا نی کرواتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے وفاقی منصوبوں کے لئے فنڈز کے بروقت اجراء کو یقینی بنایا جائے گا۔احسن اقبال نے کہاکہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات کے ازالے اور تعمیر نو کے فیز میں بھی وفاقی حکومت ہر ممکن وسائل فراہم کریگی۔