سیلا ب متاثرین کی امدادو بحالی کیلئے فوری طور پر سنجیدگی سے اقدامات اٹھائے جائیں،سردار رند
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) سینئر سیاستدان و رکن بلوچستان اسمبلی سردار یارمحمدرند نے کہا ہے کہ بارشوں اور سیلاب نے بلوچستان میں تباہی مچادی ہے صوبائی حکومت عوام کو ریلیف دینے میں ناکام نظر آتی ہے متاثرین کی امدادو بحالی کیلئے فوری طور پر سنجیدگی سے اقدامات اٹھائے جائیں۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں سردار یارمحمد رند نے کہا کہ بلوچستان میں حالیہ بارشوں اورسیلابی رفیلوں سےْ کچھی، شوران،نصیرآباد ڈویژن مکمل طور پر تباہ ہوچکے ہیں اور متاثرین کھلے آسمان تلے بے یارومددگار امداد کے منتظر ہیں صوبائی حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام نظرآتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں زیادہ تر ڈیمز بارشوں کے باعث ٹوٹ چکے ہیں جس کی وجہ سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے ہیں بلوچستان میں ڈیمز ٹوٹنے کے ذمہ دار کون لوگ ہیں ماضی میں جن حکمرانوں نے ان ڈیمز کو بنانے میں کرپشن کی اور افسران نے ناقص کارکردگی دکھائی انکے خلاف انکوائری ہونی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ترقیاتی کاموں پراربوں روپے خرچ ہوئے اور حالیہ بارشوں سے انکو نقصان پہنچا ہے انکا ازالہ کون کریگا۔ انہوں نے کہا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فوج کو ہدایت کی ہے کہ بلوچستان میں بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ عوام کی مدد کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھائے جائیں صوبائی حکومت کو چاہئے کہ وہ فوری طور پر آرمی چیف سے رابطہ کرکے مکمل تباہ شدہ نصیرآباد ڈویژن میں آرمی انجینئرنگ کور کو بحالی کیلئے تعینات کرکے متاثرین کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کو چاہئے کہ وہ بین اقوامی امدادی اداروں سے رابطہ کرکے انہیں بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ افراد کی امداد کیلئے اپیل کرے۔