بارشوں اورسیلاب سے بلوچستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے، سردارکمال خان

کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) نیشنل پارٹی کے مرکزی نائب صدر سابق رکن قومی اسمبلی سردار کمال خان بنگلزئی نے حالیہ بارشوں سے ہونیوالی تباہ کاریوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بارشوں اور سیلاب سے بلوچستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے حکومتی ادارے، فلاحی تنظیمیں اور مخیر حضرات متاثرہ علاقوں میں جاری امدادی سرگرمیوں میں مزیدتیزی لائیں۔یہ بات انہوں نے گزشتہ روز اپنی رہائش گاہ پر بارشوں اور سیلاب سے مستونگ میں ہونے والی تباہ کاریوں کا جائزہ لینے کیلئے عمائدین کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ سردار کمال خان بنگلزئی نے مزید کہا کہ حالیہ بارشوں اور سیلاب سے بلوچستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے ہزاروں لوگوں کے مکانات منہدم ہوئے لوگ کسمپرسی کی زندگی گزار رہے ہیں، صوبے کی زراعت انفراسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچا ہے۔انہوں نے کہاکہ بارش سے ہونیوالی تباہ کاریوں سے متاثرہ لوگوں کی دوبارہ بحالی کیلئے حکومت کو ریاستی مشینری کو بروئے کار لاتے ہوئے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے مشکل کی اس گھڑی میں مخیر حضرات اور بین الاقوامی اداروں کو بھی آگے آنا چاہئے تب جاکر ہم قدرتی آفت کے نتیجے میں پیدا ہونے والے اس بحران سے نجات حاصل کرنے میں کامیاب ہوسکیں گے۔ انہوں نے کہاکہ پی ڈی ایم اے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ڈیمانڈ کی گئی اشیاء کو آٹھ سے دس روز بعد متعلقہ انتظامیہ تک پہنچا رہی ہے، پی ڈی ایم اے کو چاہئے کہ وہ امدادی اشیاء کی بروقت ترسیل کو ممکن بناکر شہریوں کو ریلیف فراہم کرے تاکہ شہریوں تک بروقت امداد پہنچے۔ انہوں نے کہاکہ بحیثیت معاشرہ ہم سب کی ذمہ داری بنتی ہے کہ سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی دوبارہ بحالی کیلئے اپنے اپنے حصے کے کردار ادا کریں۔ انہوں نے بارشوں اور سیلاب سے انسانی جانوں کے ضیائع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کی مغفرت کی دعا کی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے