افغانستان، سیلاب میں 3 ہزار گھر تباہ اور 20 افراد جاں بحق

کابل (ڈیلی گرین گوادر) افغانستان کے مشرقی صوبے لوگر میں سیلابی ریلے نے گاؤں کے گاؤں صفحہ ہستی سے مٹا دیئے جب کہ 20 افراد جاں بحق اور 30 زخمی ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے صوبے لوگر میں مسلسل بارشوں کے بعد ڈیم ٹوٹ گئے۔ سیلابی ریلہ رہائشی علاقے میں داخل ہوگیا اور اپنے راستے میں آنے والے 3 ہزار گھروں کو بہا لے گیا۔

گاؤں کے گاؤں ملیا میٹ ہوگئے۔ امدادی کاموں کے دوران 20 لاشیں ملی ہیں جب کہ 30 سے زائد زخمی ہوئے۔ سیلابی ریلے میں 5 ہزار ایکڑ پر محیط باغات مکمل طور پر تباہ ہوگئے اور 2 ہزار مویشی بھی ہلاک ہوئے۔

سیلابی پانی کئی کئی فٹ کھڑا ہے جس کے باعث امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا ہے۔ عالمی قوتوں کی جانب سے تاحال منجمد افغان فنڈز جاری نہ ہونے سے حکومت شدید مالی بحران کا شکار ہے۔ امدادی کاموں میں ایک رکاوٹ فنڈز نہ ہونا بھی ہے۔

گزشتہ برس اگست میں افغانستان میں قائم ہونے والی طالبان حکومت کے پاس مشینری اور ماہر ریسکیو ٹیم کا بھی فقدان ہے۔ حکومت نے عالمی اداروں سے افغان عوام کی مدد کی اپیل کی ہے۔محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز میں افغانستان کے 21 صوبوں میں موسلا دھار بارشوں کی ہیشن گوئی کی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے