کراچی، این اے 245 میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں پولنگ کا عمل مکمل، ووٹوں کی گنتی شروع

کراچی(ڈیلی گرین گوادر) شہر قائد میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے – 245 میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں پولنگ کا وقت ختم ہو گیا ہے جس کے بعد ووٹوں کی گنتی شروع کردی گئی ہے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے تحت پولنگ کا وقت شام پانچ بجے تک تھا لیکن اس دوران پولنگ اسٹیشنز کے احاطے میں موجود ووٹرز کو ووٹ ڈالنے کی اجازت ہو گی۔واضح رہے کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے – 245 کی نشست پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین کے انتقال کر جانے کی وجہ سے خالی ہوئی تھی۔

این اے – 245 کی نشست پر ایم کیو ایم کے معید انور، پی ٹی آئی کے محمود مولوی ، ایم کیو ایم بحالی تحریک کے ڈاکٹر فاروق ستار اور تحریک لبیک کے محمد احمد رضا میں کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔پا ک سرزمین پارٹی کی جانب سے حفیظ الدین اور مہاجر قومی مومنٹ کے محمد شاہد بھی اس نشست پر انتخابی دنگل میں زور آزمائی کر رہے ہیں۔سیاسی اتحاد میں شریک پیپلز پارٹی اور جمعیت علمائے اسلام کے امیدوار ایم کیو ایم کے امیدوار کے حق میں دستبرداری کا اعلان کر چکے ہیں۔

ضمنی انتخابات کے لئے 17 امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے تھے ، جن میں سے اب 15 امیدواران کے درمیان مقابلہ ہے۔این اے دوسو پینتالیس کا حلقہ پرانی حلقہ بندی کے مطابق این اے 251 اور 252 کے علاقوں پر مشتمل ہے، ماضی میں یہ حلقہ ایم کیوایم کا گڑھ رہا ہے اور اس کے امیدوار یہاں جیتتے آئے ہیں لیکن 2018 میں اسے یہاں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے