مون سون کے حالیہ اسپیل نے سوراب میں تباہی مچادی
سوراب(ڈیلی گرین گوادر) مون سون کے حالیہ اسپیل نے سوراب میں تباہی مچادی، شہر سمیت دوردراز دیہی علاقے مولی خل بھٹ، چرک اور جیوا میں سینکڑوں مکانات منہدم یا ناقابل رہائش بن چکے، مقامی انتظامیہ دستیاب وسائل میں ہرممکن ریلیف فراہم کرنے میں مصروف تاہم بڑے پیمانے پر ہونے والی نقصانات کے مقابلے میں وسائل اور امدادی سرگرمیاں ناکافی ہیں، صوبائی حکومت اور غیر سرکاری فلاحی اداروں سے سوراب میں بارشوں سے ہونی والی نقصانات کے ازالے اور متاثرین کی بحالی کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اور توجہ مبذول کرنے کی اپیل۔ تفصیلات کے مطابق مون سون سیزن کے حالیہ اسپیل نے ضلع سوراب کو ہلا کر رکھ دیا ہے، وقفے وقفے سے جاری موسلا دھار بارشوں سے ضلع بھر میں ہزاروں ایکڑ پر زیرکاشت زرعی فصلات سیلابی ریلوں کی نذر ہوکر تباہ ہوچکی ہیں جبکہ سینکڑوں کی تعداد میں رہائشی مکانات منہدم یا ناقابل رہائش بن چکے ہیں ندی نالوں میں طغیانی کے باعث رابطہ سڑکیں بھی شدید متاثر ہوچکی ہیں،تاہم اس مخدوش صورتحال میں سوراب انتظامیہ کی کارکردگی اطمینان بخش ہے ڈپٹی کمشنر سوراب جلال الدین خان کاکڑ اس تمام تر صورت حال میں انتہائی فعال کردار کررہے ہیں، گزشتہ دو ماہ سے جاری مسلسل بارشوں نے ضلع سوراب کے دور دراز علاقوں مولی جیوا لاکھوریان خل بھٹ چرک گدر چھڈ اور کئی دیگر بستیوں کا نقشہ بدل کر رکھ دیا ہے، لوگوں کا واحد ذریعہ معاش زراعت کا شعبہ بلکل تباہ ہونے کے باعث کاشت کاروں کی سال بھر کی کمائی سیلابی ریلوں کی نذر ہوچکی ہیں اور وہ فاقہ کشی پر مجبور ہیں، کچے مکانات یا تو گرکر منہدم ہوگئے ہیں یا پھر خستہ حالی کی وجہ سے ناقابل رہائش بن چکے ہیں جن میں مزید رہائش اختیار کرنا اب خطرے سے خالی نہیں اس صورتحال میں مکینوں کے پاس کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے کے سوا کوئی چارہ نہیں، علاقے میں مون سیزن سے قبل ہی ڈپٹی کمشنر جلال الدین خان کاکڑ نے تمام محکموں کو الرٹ کرکے پیشگی اقدامات کا آغاز کردیا تھا تاہم توقع سے زیادہ بارشیں ہونے کے باعث انتظامیہ کے پاس موجودوسائل حالیہ نقصانات کے ازالے اور متاثرین کی بحالی کے لئے ناکافی ہیں، تاہم ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں انتظامیہ کے پرعزم آفیسرز اور لیویز کے جانباز اہلکار صبح سے لیکر رات گئے بارش اور موسم کی پرواہ کئے بغیر شہر سمیت ضلع کے آخری حدود میں بسنے والے مکینوں تک جاکر ان کی دادرسی اور ہنگامی بنیادوں پر امدادی سامان فراہم کرنے میں مصروف عمل ہیں، گزشتہ دو روز کے دوران ہونے والی تباہ کن بارشوں کے دوران ڈپٹی کمشنر کی خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر گدر مہرآباد عبدالوہاب لیویز اہلکاروں پر مشتمل ٹیم کے ہمراہ متاثرہ علاقوں آڑچنو مولی لاکھوریان خل بھٹ چرک جیسے پہاڑی علاقوں میں میں متاثرہ افراد کی دہلیز پر پہنچ کر ان کی مدد کرکے مصیبت کی اس گھڑی میں ان کے دکھ درد بانٹنے میں مصروف عمل رہے، جبکہ متاثرین کے امداد کے اس عمل کے دوران اسسٹنٹ کمشنر عبدالوہاب کی سربراہی میں انتظامیہ کی امدادی ٹیم ڈھور ندی میں ایک بڑے درجے سیلابی ریلے میں کئی گھنٹے تک محصور رہے تاہم انہوں نے ان تمام مشکلات کا سامنا کرنے کے باوجود متاثرہ خاندانوں کی مدد کا سلسلہ جاری رکھا، علاقے کے عوامی سیاسی اور سماجی حلقوں نے حالیہ صورت حال میں ڈپٹی کمشنر سوراب جلال الدین خان کاکڑ کی سربراہی میں سوراب انتظامیہ کی مثالی کاکردگی کو سراہتے ہوئے اس پراطمینان کا اظہار کیا ہے، اور وفاقی صوبائی حکومتوں اور غیر سرکاری فلاحی اداروں سے اپیل کی ہے کہ ضلع میں سوراب میں حالیہ طوفانی بارشوں سے ہونے والی تباہی اور نقصانات کے ازالے اور امداد کے منتظرمتاثرہ کی بحالی کے لئے انسانی ہمدردی کے بنیاد پر اقدامات اٹھائیں تاکہ تاخیر کی صورت میں کوئی المیہ جنم نہ لے۔