جعفرآباد میں بارش کا سلسلہ جاری اوستہ محمد میں گھر کی دیوار گرنے سے 1 شخص جاں بحق

ڈیرہ اللہ یار (ڈیلی گرین گوادر) جعفرآباد کے ہیڈ کوارٹر شہر ڈیرہ اللہ یار تحصیل اوستہ محمد گنداخا اور دیگر شہروں میں چوتھے روز بھی بارش کا سلسلہ جاری رہا۔تیز طوفانی بارشوں نے ضلع بھر میں تباہی کی داستانیں رقم کر دی ہیں اوستہ محمد کی قربان کالونی میں گھر کی دیوار گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جبکہ گوٹھ رمدانی میں مکان کی چھت گرنے سے خاتون جان کی بازی ہار گئی جسکے بعد جاں بحق ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 8 ہوگئی ہے،خواتین اور بچوں سمیت 15 افراد زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ڈیرہ اللہ یار میں 100 سے زائد دیہات مکمل طور پر زیرآب آچکے ہیں جسکے باعث سیکڑوں کچے مکانات منہدم ہوگئے اور ہزاروں افراد قومی شاہراہ دیگر سڑکوں اور مختلف مقامات پر پناہ گزین ہوگئے ہیں اور سیکڑوں افراد کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔شہر بھر میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوچکا ہے سڑکیں سرکاری دفاتر جھیل کا منظر پیش کرنے لگے ہیں۔ڈپٹی کمشنر جعفرآباد رزاق خان خجک اور ضلعی انتظامیہ کے دیگر افسران کی انتھک محنت اور نہروں سے پانی کا دباو کم کرنے کے لئے لگائے گئے کٹس کے باعث پٹ فیڈر کینال سے آنے والے سیلابی ریلے کا رخ ڈیرہ اللہ یار سے موڑ دیا گیا اور شہر سے سیلاب کا خطرہ عارضی طور پر ٹل گیا ہے۔ضلعی انتظامیہ سماجی تنظیمیں اور شہر کے نوجوان برسات متاثرین کی امداد میں متحرک ہیں ضلعی انتظامیہ نے 400 سے زائد برسات متاثرین کو خیمے ایک ہزار متاثرین کو راشن فراہم کر دیا۔سماجی تنظیم اللہ اکبر تحریک، آل رائس مزدور یونین، ہندو پنچائت اور نوجوانوں کی جانب سے اپنی مدد آپ کے تحت یومیہ بنیادوں پر پکا پکایا کھانا متاثرین کو فراہم کیا جا رہا ہے تاہم پی ڈی ایم اے اور بلوچستان حکومت کی جانب سے متاثرین کی امداد اور ریسکیو کے لئے کسی قسم کے اقدامات نہیں اٹھائے گئے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے