وزیراعظم نے دکانداروں سے فکسڈ سیلز ٹیکس کی وصولی روک دی

اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر)وزیراعظم شہبازشریف نے دکانداروں سے بجلی کے بلوں کے ذریعے فکسڈ ٹیکس کی وصولی معطل کردی۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت بجلی کے نرخ اور بلوں کے ذریعے فکسڈ سیلز ٹیکس کلیکشن کے معاملے پر جائزہ اجلاس ہوا، جس میں وفاقی وزراء خرم دستگیر، مفتاح اسماعیل، وزیر مملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک، چیئرمین ایف بی آر، وفاقی سیکرٹریز توانائی، خزانہ اور پٹرولیم کے علاوہ دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں بجلی کے نرخ اور فکسڈ سیلز ٹیکس کی وصولی پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے بجلی کے بلوں کے ذریعے فکسڈ سیلز ٹیکس کی وصولی روک دی، اور ٹیکس وصولی کے لیے نئے لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت جاری کردی۔

وزیراعظم نے دوکانداروں سے متفقہ شرح سے زیادہ ٹیکس وصول کرنے کی انکوائری کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ٹیکس کا فیصلہ کرتے وقت تاجر نمائندگان کو مشاورت میں شامل کیا جائے۔وزیراعظم نے غریب طبقے کیلئے بجلی نرخوں میں کمی کا موثر طریقہ کار وضع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت غریب طبقہ کے مالی تحفظ کے لئے ہر ممکن اقدامات کرنے کے لیے کوشاں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے