سبی جیکب آباد ریلوے سیکشن کی مرمت مکمل کرکے ٹرینوں کی آمدورفت بحال کردی گئی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)کوئٹہ سے اندورن ملک جانے والے مسافروں کیلئے اچھی خبر ہے کہ سیلابی ریلوں سے متاثرہ سبی جیکب آباد ریلوے سیکشن کی مرمت مکمل کرکے ٹرینوں کی آمدورفت بحال کردی گئی،کوئٹہ سے پشاور کیلئے جعفر ایکسپریس کی روانہ ہوگئی تاہم دادو کے قریب سیلابی ریلوں کے باعث ریلوے ٹریک متاثرہونے سے کراچی کیلئے ٹرین سروس بحال نہ ہوسکی۔ ڈویژنل سپرٹنڈنٹ ریلویز کوئٹہ نثا ر احمدخان نے بتایا کہ سیلابی ریلوں سے متاثرہ سبی جیکب آباد ریلوے سیکشن کی مرمت مکمل کرلی گئی ہے، سبی جیکب اباد سیکشن پر چار روز کے بعد ٹرینوں کی آمد ورفت بحال ہونے کے بعد کوئٹہ سے پشاور کیلئے جعفر ایکسپریس کی روانگی اور آمد شروع ہوگئی،نثاراحمد خان نے بتایا کہ داود کے علاقے سن میں سیلابی ریلوں سے ریلوے لائن متاثرہونے کی وجہ سے بولان میل بحال نہیں ہوسکی۔ داود میں ریلوے ٹریک کی مرمت ہونے کے بعد بولان میل کو روانہ کیا جائے گا۔ڈی ایس ریلویز کوئٹہ نے بتایا کہ دالبندین سے تفتان تک ریلوے ٹریک کی مرمت کردی ہے،تاہم نوشکی سے دالبندین تک ریلوے ٹریک کی مرمت میں کچھ وقت لگے گا۔