بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ علاقے رکھنی،بارکھان کے عوام تاحال امداد کے منتظرہیں،ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان نیشنل پارٹی کے سابق مرکزی سیکرٹری جنرل و سابق سینیٹرڈاکٹر جہانزیب جمالدینی نے رکھنی، بارکھان اور ڈی جی خان میں بارشوں اور سیلابی ریلوں سے ہونے والے نقصانات پرافسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ متاثرین تاحال کھلے آسمان تلے حکومتی امداد کے منتظر ہیں۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی نے کہا کہ بلوچستان کے علاقے رکھنی، بارکھان،ڈی جی خان اوردیگرعلاقوں میں گزشتہ کئی روز سے جاری طوفانی بارشوں اورسیلابی ریلوں سے بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصانات ہوئے ہیں اور لوگوں کے گھر، باغات اوردیگر فیصلیں مکمل طورپر تباہ ہوچکی ہیں اور متاثرین کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں ابھی تک صوبائی حکومت اور پی ڈی ایم اے کی جانب سے متاثرین کی امداد کیلئے کوئی خاطر خواہ اقدامات نہیں اٹھائے گئے جو قابل تشویش ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان نیشنل پارٹی سیلاب اوربارشوں سے متاثرہ اپنے بھائیوں کو مشکل کی اس گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑے گی انکی امداد اور بحالی کیلئے ہر فورم پر آواز بلند کرے گی۔انہوں نے صوبائی حکومت اور پی ڈی ایم اے مطالبہ کیا کہ سیلاب اور بارشوں سے متاثرہ افراد کو فوری طور پر کھانے پینے کی اشیاء،خیمے اوردیگر سامنا مہیا کیا جائے اورانکی دوبارہ آباد کاری کیلئے موثر اورعملی اقدامات اٹھائے جائیں۔