وزیراعظم کی جنرل سرفراز شہید کے گھر آمد
اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر)وزیراعظم شہباز شریف ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی شہید کے گھر گئے۔وزیراعظم نے لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی شہید کے لیے فاتحہ کی اور اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا، اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمارے شہداء ہمارا فخر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فوج کے افسران و جوانوں نے وطن کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے سے کبھی دریغ نہیں کیا، دہشت گردوں کے خلاف جنگ ہو یا قدرتی آفت، فوج کے جوان و افسران ہمیشہ قوم کے محافظ بن کر میدان میں اترے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اُن سمیت پوری قوم شہداء کی ان قربانیوں پر انہیں خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔
اس سے قبل وزیراعظم 14 اگست کو میجر طلحہٰ منان شہید کے گھر اہلِ خانہ سے تعزیت کے لیے گئے تھے۔