جامعات معاشی بحران کا شکار ہونے کے باوجود اعلیٰ تعلیم کی فراہمی ممکن بنا رہی ہیں،احمد فاروق بازئی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان کی جامعات شدید معاشی بحران کا شکار ہونے کے باوجود بلوچستان میں اعلیٰ تعلیم کی فراہمی ممکن بنا رہی ہیں،عالمی معیار کے مطابق جدید علوم کی طلباء تک منتقلی کے عمل کو یقینی بنانے میں قابل اساتذہ کا کردار انتہائی اہم ہے۔ان خیالات کا اظہار وائس چانسلر بیوٹمزاحمد فاروق بازئی نے نیشنل انسٹیوٹ آف مینجمنٹ NIMکے زیر اہتمام34ویں میڈ کیریئر مینجمنٹ کورس کے افسران کا دورہ بیوٹمز کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔نیشنل انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ کے زیراہتمام میڈ کیریئر مینجمنٹ کورس کے افسران کے وفد کی قیادت ڈائریکٹر جنرل اسلم غنی نے کی۔جبکہ دیگر وفد وفاقی اور صوبائی افسران پر مشتمل تھا، وفد نے بیوٹمز کے تعلیمی اور انتظامی سہولیات کا جائزہ لیا اوروائس چانسلر احمد فاروق بازئی نے ادارے کی تعلیمی صلاحیت اور انتظامی امور پر بریفنگ دی۔ وائس چانسلر بیوٹمزاحمد فاروق بازئی نے کہا کہ بیوٹمز بلوچستان کے طلباء بالخصوص ان طلباء جنہیں جامعات میں تعلیم حاصل رکھنے کے لئے سخت مالی مجبوریاں درپیش ہیں ایسے طلباء کو اپنے ذاتی وسائل سے تعلیم کے زیورسے آراستہ کر رہی ہے،بلوچستان کی ترقی،امن و امان اور معیشت علم سے وابستہ ہے علمی اداروں و جامعات کے مالی معاملات میں بہتری لا کر ہی بلوچستان میں تعلیمی بہتری لائی جا سکتی ہے۔انہوں نے کہاکہ سرکاری اداروں اور افسران کا جامعات کے ساتھ ربط معاشرتی ترقی کے لئے انتہائی ضروری ہے تحقیق اورعوامی خدمات پر جدید منصوبہ جات کے حصول کیلئے جامعات کے صلاحیتوں کو بروئے کار لاکر دیر پا فوائد حاصل کئے جا سکتے ہیں،ترقی کے حصول کے لئے تعلیم،تحقیق اور تدریسی اداروں میں سرمایہ کاری ضروری ہے ان شعبوں پر صَرف کئے جانے والے وسائل مستقبل میں کہیں سو گنا فوائد کی ضرورت میں معاشرے کو دستیاب ہونگے۔انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں نوجوانوں پر توجہ اور تعلیم و روزگار میں ان کے لئے مواقع پیدا کرنے ہوں گے تاکہ ہمارا نوجوان قومی ترقی میں اپنا کردار ادا کرسکے۔بیوٹمز روز اول سے اس پالیسی پر کاربند ہے کہ تعلیم کے مواقع بلوچستان کے ہر طالب علم کو یکساں میسر ہوں یہی وجہ ہے کہ آج تک کوئی بھی طالب علم معاشی حالت یا فیس نہ ہونے کی وجہ سے بیوٹمز سے نہیں لوٹا، طلبہ کے وظائف کے جامع طریقہ کار کے باعث بیوٹمز میں زیرتعلیم ہر تیسرا طالب علم کسی نہ کسی صورت وظائف سے فائدہ اٹھاکر تعلیم جاری رکھے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ وظائف اور تعلیم کی بروقت فراہمی کے لئے تعلیمی اخراجات کی بلاتعطل فراہمی بہت ضروری ہے بیوٹمز کے ان تمام چیلنجز کے باوجود بلوچستان میں تعلیمی بہتری کے لئے پوری قوت سے کارفرما ہے۔تعلیمی روابط وبین الاقوامی جامعات کے ساتھ باہمی منصوبے، حکومت بلوچستان اور اداروں کو تکنیکی معاونت کے ساتھ ساتھ معاشرے کے ہر طبقے کے لئے بہتری بیوٹمز کے طویل المدتی منصوبے کا حصہ ہے بیوٹمز کے فارغ التحصیل گریجویٹ بہترین ملازمتیں اور خودکار کاروبار کر رہے ہیں جس سے ملکی معیشت کو مدد مل رہی ہے۔شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل نیشنل انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ اسلم غنی نے کہاکہ بیوٹمز کی جدید سہولیات اور معیار دنیا کی بہترین جامعات سے کسی طور کم نہیں ہماری خوش قسمتی ہے کہ ہمیں بیوٹمز آنے کا موقع ملا یہ جامعہ بلوچستان کے تابناک مستقبل کی غماز ہے۔ انہوں نے کہا کہ وسائل کی کمی ہر جامعہ اور ادارے کو درپیش ہے مگر بیوٹمز وہ بہترین مثال ہے کہ جہاں محدود وسائل کے باجود حیران کن سہولیات اور تعلیمی معیار دستیاب ہے جوکہ وائس چانسلر بیوٹمز احمد فاروق بازئی اور ان کہ ٹیم کی محنت اور دلجوئی کا ثمر ہے۔بعد ازیں وائس بیوٹمز احمد فاروق بازئی نے ڈائریکٹر جنرل نیشنل انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ اسلم غنی کو دورہ بیوٹمز پر یادگاری شیلڈ پیش کی۔