الیکشن کمیشن بہت محنت سے کام کر رہا ہے،چیف جسٹس
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن بہت محنت سے کام کر رہا ہے۔بدین سے متنخب ممبر قومی اسمبلی فہمیدہ مرزا سندھ میں حلقہ بندیوں سے متعلق سماعت کے موقع پر سپریم کورٹ میں پیش ہوئیں۔فہمیدا مرزا نے مؤقف اختیار کیا کہ میں یا میری فیملی سے کوئی بھی الیکشن نہیں لڑ رہا لیکن بطور منتخب رکن بدین کے عوام کی نمائندگی کرنا چاہتی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ حلقہ بندی بھی کرتی ہے اور آر او بھی ان کا ہی ہوتا ہے، ایک ماہ سے انتخابی مواد ڈپٹی کمشنرز کے پاس پڑا ہوا ہے، سپریم کورٹ سے استدعا ہے کہ انتخابی مواد کا آڈٹ کرایا جائے۔چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیے کہ الیکشن کمیشن ملک کے باہر سے تو افرادی قوت منگوا نہیں سکتا، الیکشن کمیشن بہت محنت سے کام کر رہا ہے، پنجاب کے 20 حلقوں میں پرامن ضمنی انتخابات ہوئے، حلقہ بندی میں بھی دن رات الیکشن کمیشن نے محنت کی۔
چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے فہمیدہ مرزا سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ کی درخواست میں دم ہوا تو آپ کو سن لیں گے۔یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے سے قبل حلقہ بندیوں سے متعلق ایم کیو ایم پاکستان کی درخواست نمٹاتے ہوئے کہا کہ صوبے میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ 28 اگست کو ہی ہو گا۔