آزادی صحافت اور اظہار رائے کی آزادی پر قدغن لگانا قبول نہیں کریں گے، قاسم سوری

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے صوبائی صدر و سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری کی قیادت میں کوئٹہ پریس کلب کے سامنے اظہار رائے کی آزادی اور آزادی صحافت پر قدغن اور پابندیوں کے خلاف پرہجوم احتجاجی مظاہرہ ہوا۔ مظاہرے سے پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی صدر سابق سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری،پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر منیر بلوچ،پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری سردار خادم حسین وردگ، ضلع کوئٹہ کے صدر عبدالباری بڑیچ اور سید صادق آغا نے خطاب کیا۔ صوبائی صدر قاسم خان سوری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزادی صحافت اور اظہار رائے کی آزادی پر قدغن لگانا قبول نہیں کریں گے،موجودہ حکومت بزدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سچ کو دبانے اور عوام سے حقیقت کو چھپانے کے لئے پاکستان کے نامور صحافیوں اور نجی نیوز چینلز پر پابندی لگا رہے ہیں۔ عوام کو اس حکومت کی کرپشن اقرباء پروری اور نااہلی دکھانے اور حق گوئی کی وجہ سے حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی ہے۔انہوں نے کہاکہ امپورٹڈ وفاقی حکومت آزادی اظہار رائے اور آزادی صحافت پر یقین نہیں رکھتی اسی لئے اپنی مرضی کے نیوز چینلز اور اپنی مرضی کے صحافیوں کی ضمیر خریدنے کی کوشش کر رہے ہیں اس غلام امپورٹڈ حکومت کل سورج غروب ہونے والا ہے حق اور سچ کا فتح بہت قریب ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف آزادی صحافت اور آزادی اظہار رائے پر یقین رکھنے والی جماعت ہے ہمارے دور میں تمام میڈیا ہاؤسز آزاد تھے، اے آر وائے نیوز سمیت تمام نیوز چینلز اور صحافیوں کے تحفظ کیلئے پاکستان تحریک انصاف اپنا جدوجہد جاری رکھے گی، اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف ضلع کوئٹہ کے جنرل سیکرٹری صوبائی وزیر مبین خان خلجی، صوبائی سیکرٹری اطلاعات نزیر خان اچکزئی، پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما حاجی سیف اللہ خان کاکڑ، ملک نصیب اللہ خان بیٹنی، خواتین کے صوبائی صدر منورہ منیر بلوچ، داؤد خان پانیزئی، اکرم ترین، عالم خان کاکڑ، یوتھ ونگ کے رہنما نظر زدران، زلیخا عزیز مندوخیل، محمد آصف ترین، سید میر علی آغا، حاجی گل خان اچکزئی، نور خان اچکزئی، اسرار خان کاکڑ، آصف خان مہمند، وصیل خان، ادریس تاج، جمعہ خان خلجی، قادر لالا، قاسم خان کاکڑ، نیازمین درانی، قاری عبیداللہ درانی، شیر زمان، علی بھائی ہزارہ، عبدالرحمن دیپال، سید مطیع اللہ شاہ، و دیگر سینئر رہنماؤں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ آزادی صحافت کے حق میں اور امپورٹڈ حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے