بولان،دفعہ 144 کے نفاذ پر غفلت برتنے والےمختلف لیویز چوکیوں کے انچارجوں کو معطل کر دیاگیا
بولان(این این آئی)ڈپٹی کمشنر کچھی عمران ابراہیم بنگلزئی نے دفعہ 144 کے نفاذ پر غفلت برتنے کی بناء پر بولان میں مختلف لیویز چوکیوں کے انچارجوں کو معطل کرکے انکوائری شروع کردی،غفلت کا مظاہرہ بولان میں سیاحوں کے داخلے کی وجہ سے کی گئی واضح رہے کہ بولان میں ڈپٹی کمشنر کچھی کے احکامات کے مطابق پکنک منانے پر سخت پابندی عائد کردی گئی تھی۔تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر کچھی عمران ابراہیم بنگلزئی نے ضلع کچھی بولان میں حالیہ بارشوں سیلابی کیفیت کی وجہ سے ضلع کی تمام پکنک پوائنٹس پر پکنک منانے پر پابندی عائد کرتے ہوئے دفعہ 144نافذ کیا تھا تاہم گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر کچھی کے اچانک دورے کے موقع پر کچھ سیاح بولان میں مختلف مقامات پر پکنک مناتے ہوئے نظر آئے جنکے خلاف کاروائی عمل میں لائی گئی اور غفلت برتنے پر مختلف چوکیوں کے انچارج صاحبان کو معطل کرکے انکوائری کا حکم دیاہے۔ڈپٹی کمشنر کچھی عمران ابراہیم بنگلزئی نے کہا ہے کہ عوام الناس بولان میں پکنک منانے سے گریز کرکے زمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں کیونکہ ضلع کچھی بولان میں حالیہ بارشوں کی وجہ سے ایمرجنسی کی صورتحال ہے۔عوام الناس اپنی جان اور تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے بولان میں تاحکم ثانی پکنک منانے سے گریز کریں بصورت دیگر انتظامیہ کچھی انکے سخت ایکشن لے گی۔