بلوچستان میں خواتین کے حقوق کے تحفظ اورپرتشدد رویوں کے خلاف اپنا کردارادا کرنا ہوگا، فوزیہ شاہین
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) کمیشن آن اسٹیٹس آف وویمن بلوچستان کی چیئرپرسن فوزیہ شاہین نے کہا ہے کہ بلوچستان میں خواتین کے حقوق کے تحفظ اور پر تشدد رویوں کے خلاف معاشرے کے تمام طبقات کو شعوری آگاہی و ترویج کے لئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا،بلوچستان میں کمیشن آن اسٹیٹس آف وویمن بتدریج فعال ہورہا ہے وویمن کمیشن کا یہ مینڈیٹ ہے کہ خواتین پر ہونے والے ظلم و جبر کے خلاف کارروائی کرے اور متعلقہ اتھارٹی کو جوابدہ بنائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو فورم فار ڈیگنیٹی انیشیٹیوز پاکستان کے زیر اہتمام چار روزہ تربیتی ورکشاپ کی ابتدائی تقریب سے بحیثیت مہمان خاص خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ایف ڈی آئی پاکستان کی سربراہ عظمیٰ یعقوب نے پروگرام کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ کاسنی دائرہ نوجوان خواتین کی بامعنی اور سیاسی شمولیت اور قائدانہ کردار کی ترویج کا پروگرام ہے جس کا آغاز2019 سے کیا گیا پروگرام کا مقصد نوجوان خواتین اور ٹرانس جینڈر کمیونٹی کی تربیت ہے تا کہ وہ اپنے سیاسی اور جمہوری حقوق سے آگاہ رہتے ہوئے عملی سیاست میں حصہ لے سکیں کاسنی دائرہ کے پلیٹ فارم سے ایف ڈی آئی کی اہم مطالبہ اٹھارہ تا چوبیس سال کی عمر کی خواتین کے لئے کم از کم 2فیصد کوٹہ مختص کرنا ہے تا کہ وہ مقامی، صوبائی اور قومی حکومتوں میں فیصلہ سازی میں شامل ہو کر نوجوان خواتین اور کمزور طبقوں کے حقوق کا تحفظ کر سکیں۔ کمیشن آن اسٹیٹس آف وویمن بلوچستان کی چیئرپرسن فوزیہ شاہین نے پروگرام کے اغراض ومقاصد کو سراہتے ہوئے کہا کہ کمیشن آن اسٹیٹس آف وویمن بلوچستان کا پہلا باضابطہ فورم ہے جس کے توسط سے تحصیلداروں کی آسامیوں سمیت انتظامی امور کی پوسٹوں پر خواتین کی اہلیت کو تسلیم کروایا گیا ہے اس کے علا وہ رائج الوقت قوانین میں خواتین ہوم بیسڈ ورکرز کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے، دارالامان ایکٹ کی تشکیل اور جائیداد میں خواتین کے حصہ ترکہ کے تحفظ کے لئے خاتون محتسب سیکرٹریٹ کو اختیارات کی منتقلی کے لئے جدوجہد جاری ہے ہماری کوشش ہے کہ جو مسودہ قانون بنے کمیشن اس کا جائزہ لے اور اس کی خامیاں دور کرکے اسے قابل عمل بنانے کی تجاویز دے۔انہوں نے کہا کہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ میں میں خواتین کی بہبود کے لیے زیادہ سے زیادہ مواقعوں کی فراہمی اور گزشتہ آٹھ سالوں سے کم عمری کی شادی کے زیر التواء مسودہ قانون پر پیش رفت تیز کرنے کے لئے سول سوسائٹی اور تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے طبقات سے مشاورت کا تسلسل جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ شفافیت کے قیام کے لئے موثر جواب دہی کا عمل اشد ضروری ہے تاہم اگر کسی کو جوابدہ بنایا جاتا ہے تو بنیادی معلومات کا مصدقہ ہونا ضروری ہے اس سے قبل ایف ڈی آئی کی ماسٹر ٹرینر مریم، پروگرام ایسوسی ایٹ زینب اور شایان نے شرکاء کو یوتھ لیڈر شپ ڈویلپمنٹ سے متعلق تربیتی پروگرام کے کلیدی نکات سے آگاہ کیا۔