موسی خیل میں اندرپوڑ ڈیم ٹوٹ گیا،12 افراد سیلابی ریلے میں بہہ گئے
موسی خیل(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان اور پنجاب کے سرحدی علاقوں میں سیلابی ریلوں نے تباہی مچادی ہے سیلابی ریلوں سے موسی خیل، بارکھان اور کوہلوکے علاقوں میں بڑے پیمانے پرنقصان ہوا، موسی خیل میں اندرپوڑ ڈیم ٹوٹ گیا جس کے باعث سیلابی پانی دیہات میں داخل ہوگیا جب کہ ریلوں میں 12افراد بہہ گئے جن میں سے 4کی لاشیں نکال لی گئیں دوسری جانب 2بڑے پل بہنے سے موسی خیل کا ملک بھر سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا، پنجاب اور بلوچستان کے سرحدی علاقوں میں مواصلاتی نظام بھی متاثر ہوا ہے کوہ سلیمان اوربلوچستان سے آنے والےسیلابی ریلوں سے تونسہ کے10سے زائد دیہات ڈوب گئے، دو مقامات پر رابطہ سڑکیں بہہ گئیں، قبائلی علاقوں کا تونسہ سے زمینی رابطہ منقطع ہو گیا ادھر لہڑی ندی میں انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے جب کہ مٹھوان میں متاثرین کو منتقل کرتے ہوئے ٹریکٹر ٹرالی ریلے میں الٹ گئی تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا بلوچستان کو سندھ سے ملانے والی ایم ایٹ شاہراہ ونگوہل کے مقام پر بہہ گئی جس کے باعث ہرقسم کی ٹریفک معطل ہو گئی سبی شہر اور گردونواح میں وقفے وقفے سے بارش جاری ہے جہاں تلی ندی کےقریب بی بی صاحب کے مقام پرحفاظتی بند میں شگاف پڑگیا جس سے کئی دیہات متاثر ہونے کا خدشہ ہے دوسری جانب کمشنر ڈی جی خان عثمان انور کا کہنا ہے کہ تونسہ اورراجن پور میں سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں تیز کردی گئی ہیں، تونسہ کی سنگڑ ندی میں دو لاکھ کیوسک سے زائد کا ریلا آیا جس سے 10دیہات زیر آب آگئے جب کہ انتظامیہ نے 280افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا ۔