پاکستان ہم نے اپنے آباو اجداد کی عظیم قربانیوں کے نتیجے میں حاصل کیا،میر عبدالقدوس بزنجو
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے 75ویں یوم آزادی پر قوم کو مبارکباد پیش کی ہے۔ اپنے ایک پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ یہ ملک ہم نے اپنے آباو اجداد کی عظیم قربانیوں کے نتیجے میں حاصل کیا۔ اس کا تحفظ اور تعمیر و ترقی اب ہماری ذمہ داری ہے جس سے عہدہ برآہونے کے لئے ہمیں اپنے تمام فروعی اور گروہی اختلافات بھلا کر اور ہر قسم کے تعصبات سے بالا تر ہو کر ایک متحد قوم کی شکل میں کام کرنا ہوگا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس وقت وطن عزیز کو اندرونی و بیرونی چیلنجوں اور دہشت گردی کی عفریت کا سامنا ہے، ملک دشمن قوتیں بدامنی پھیلاکر پاکستان کو کمزور اور غیر مستحکم کرنا چاہتی ہیں تاہم اپنی صفوں میں مکمل اتحاد و اتفاق قائم کر کے ہم دشمنوں کے ناپاک عزائم ناکام بناسکتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح کے فرمودات اور شاعر مشرق ڈاکٹر محمد علامہ اقبال کی فکر کو مشعل راہ بناکر ہم پاکستان کو ایک عظیم اسلامی مملکت بناسکتے ہیں وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس وقت بلوچستان حالیہ شدید بارشوں سے بری طرح متاثر ہے اور عوام کو شدید مشکلات کا بھی سامنا ہے اس کے ساتھ ساتھ ہم نے متاثرین کی امداد و بحالی کی سرگرمیوں میں مصروف عمل پاک فوج کے بہترین افسر کھودیئے جو ہیلی کاپٹر کے افسوسناک حادثے میں شہید ہوئے آج کا دن ہم شہید لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی شہید میجر جنرل امجد حنیف، شہید بریگیڈئر محمد خالد، شہید میجر سعید احمد، شہید میجر طلحہ منان اور چیف کرو حوالدار مدثر ریاض کے نام کرتے ہیں جنہوں نے اپنے فرائض منصبی ادائیگی کے دوران اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے ہم ان کی قربانیوں کو یوم آزادی کے موقع پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت بارش اور سیلاب کے متاثرین کی امداد و بحالی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے گی مصیبت کی اس گھڑی میں صوبے کے عوام اور حکومت اپنے متاثرہ بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جشن آزادی کے موقع پر ہمیں اپنے ان شہداء کو بھی خراج عقیدت پیش کرنا چاہئے جنہوں نے قیام پاکستان سے اب تک ملک کے دفاع اور امن کے لئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اگر اب بھی ہم ماضی سے سبق سیکھ کر اپنے ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار نہ کر سکے تو آنے والی نسلیں ہمیں کبھی معاف نہیں کریں گی۔ وزیراعلی نے دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیشہ پاکستان کی حفاظت فرمائے اور اسے تعمیر وترقی کی راہ پر گامزن رکھے۔