سڑکوں کی بحالی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر بحالی کا کام جاری ہے،سردار عبدالرحمن کھیتران

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات سردار عبدالرحمن کھیتران نے کہا ہے کہ شاہراوں اور پلوں کی بحالی محکمہ مواصلات کی اولین ترجیح ہے بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں رابطہ پلوں اور سڑکوں کی بحالی کے لئے ہنگامی بنیادوں پر بحالی کا کام جاری ہے جبکہ محکمہ مواصلات و تعمیرات مشکل کے اس گھڑی میں عوام کی بحالی کے کام میں ہر اول دستے کا کردار نبھا رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیلابی پانی سے متاثرہ شاہراوں کی مرمت کا معائنہ کرنے کے دوران محکمہ کے آفسران اور متاثرین سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ حالیہ طوفانی بارشوں اور سیلابی ریلوں سے ذرائع آمدورفت درہم برہم ہو گیا ہے۔جس سے حکومت کو امدادو بحالی کی کارروائیوں میں مشکلات اور عوام کو نقل و حرکت میں دقت کا سامنا ہے۔جبکہ متاثرین کی امداد و بحالی کے لئے سامان کی ترسیل جاری رکھنے کیلئے آمدورفت کی بحالی کیلئے اقدامات ناگزیر ہیں،انہوں نے کہا کہ وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کے خصوصی ہدایات کی روشنی میں رابطہ سڑکوں اور پلوں کا مرمتی کام ہنگامی بنیادوں پر کیا جارہا ہے۔جبکہ عوام کے آمدورفت میں حائل رکاوٹوں کو دور کرتے ہوئے متاثرہ پلوں کے متبادل عارضی راستوں پر ٹریفک کی بحالی کے اقدامات میں سنجیدگی سے کوشاں ہیں۔تاہم آمدورفت کو سہل بنایا جارہاہے اور اس بابت تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔وزیر مواصلات نے کہا کہ ہم مواصلاتی نظام کی بحالی کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں چونکہ حالیہ بارشوں اور سیلاب سے صوبے کے بائیس 22 اضلاع کی رابطہ سڑکیں اور پل متاثر ہوئے ہیں طرح صوبہ کے 342 رابطہ سڑکیں متاثر ہوئے جو کہ 459 کلومیٹر بنتی ہے اب تک ان 342 رابطہ سڑکوں میں سے 290 رابطہ سڑکوں کو مکمل بحال کردیا گیا ہے۔جبکہ 52 رابطہ سڑکوں پر بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے۔اس طرح صوبے کے 47 مختلف رابطہ بھی متاثر ہوئے تاہم محکمہ مواصلات و تعمیرات کی جانب سے اب تک 46 مختلف متاثرہ پلوں کو مکمل بحال کیا گیا ہے۔جبکہ قابل ذکر مچھ پل کو بھی ہلکی ٹریفک کے لئے بحال کر دیا گیا ہے۔سردار کھیتران نے کہا کہ امداد و بحالی کے اس کام میں 206 اقسام کی مختلف بھاری مشینری استعمال کی جا رہی ہے جبکہ بحالی کے کام کو مزید بہتر اور تیز کرنے کے لئے پرائیویٹ فرم سے بھی مختلف اقسام کی مشینری کرایہ پر لئے گئے ہیں۔صوبائی وزیر نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام اضلاع کے آفسران و دیگر اسٹاف متاثرہ علاقوں میں عوام اور انتظامیہ کے آمدورفت کی بحالی کے لئے اقدامات جاری رکھیں تاکہ امدادوبحالی کے کام میں آسانی پیدا ہو اور آمدورفت کے سلسلے میں عوام کو درپیش مسائل کا فوری طور حل نکالا جاسکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے