بلوچستان میں مون سون بارشوں سے 188 افراد جاں بحق ہوئے، میر ضیاء لانگو
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) صوبائی مشیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگونے کہا ہے کہ بلوچستان میں اب تک مون سون کی بارشوں اور سیلا بی ریلوں سے 188 افراد جاں بحق،40 ہزار گھر مکمل یا جزوی تباہ،25 پل اور 5 ڈیم بھی مکمل طور پر ڈوب گئے جبکہ5 لاکھ ایکٹر رقبے پر کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچا ہے، موجودہ صورت حال کو مد نظر رکھتے ہوئے 26اضلاع میں ایمر جنسی نافذ کر دی گئی ہے،بارش اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک افواج، ایف سی اور ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ یہ بات انہوں نے ہفتہ کو ڈی جی پی ڈی ایم اے نصیر ناصر کے ہمراہ پی ڈی ایم اے کے دفتر میں پریس کانفرنس کر تے ہوئے کہی۔انہوں نے صوبے میں مون سون بارشوں اور سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ صوبائی حکومت موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے کام کر رہی ہے۔ صوبے میں مون سون بارشوں سے جاں بحق افراد کی تعداد 188 ہوگئی ہے، جبکہ 5 لاکھ ایکٹر رقبے پر کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک ہزار مریضوں کو فرسٹ ایڈ دے کر فارغ کیا گیا ہے، مون سون بارشوں اور سیلاب سے صوبے میں چالیس ہزار گھر مکمل اور جزوی طور پر تباہ ہوئے ہیں۔ جبکہ 25 پل اور 5 ڈیم بھی مکمل طور پر ڈوب گئے۔ موجودہ صورت حال کے باعث چھبیس اضلاع میں ایمر جنسی نافذ کر دی گئی ہے۔صوبائی مشیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگون نے کہاکہ بارش اور سیلا ب متاثرین کو تیس ہزار خوراک کے پیکٹ اور بیس ہزار ٹینٹ فراہم کر دئیے ہیں جبکہ کوئٹہ کراچی شاہراہ کو بھی جلد بحال کر دیا جائے گا، جس کیلئے کام جاری ہے۔انہوں نے کہاکہ اطلاعات کے مطابق مون سون کے پے درپے اسپیل اور موسلا دھار بارشوں نے سندھ اور بلوچستان میں بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے۔ قلعہ عبداللہ میں 3 ڈیم ٹوٹ گئے، جبکہ 10 سے زائد دیہات متاثر، سیکڑوں گھر مہندم، رابطہ سٹرکیں بہہ گئی ہیں۔ حالیہ صورت حال نے ٹرینوں کی آمدورفت کو بھی متاثر کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ شدید بارشوں میں تباہی سے بچنے اور آگاہی کے لئے مساجد میں اعلانات کر دیئے گئے ہیں جبکہ لوگوں نے گھروں سے نکل کر پہاڑوں پر چڑھ کر پناہ لے لی ہے۔ دوسری جانب سندھ حکومت نے بارشوں سے متاثرہ 9 اضلاع کو آفت زدہ قرار دے دیا، متاثرہ اضلاع میں ٹھٹہ، جامشورو، دادو، بدین، قمبر شھداد کوٹ شامل ہیں، نوشہرو فیروز، خیرپور، مٹیاری اور سانگھڑ کو بھی آفت زدہ قرار دیے جانے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔