ہاکی گراؤنڈ لاہور میں پی ٹی آئی جلسہ روکنے کی درخواست مسترد

لاہور (ڈیلی گرین گوادر) لاہور ہائیکورٹ نے ن لیگ کے رہنما عطا اللہ تارڑ سمیت دیگر درخواست گزاروں کی ہاکی گراؤنڈ میں جلسہ روکنے کی استدعا مسترد کر دی۔ہائیکورٹ میں ہاکی اسٹیڈیم میں تحریک انصاف کے جلسے کو رکوانے کے لیے دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔

وکیل نے کہا کہ تحریک انصاف کو لاہور کے ہاکی گراؤنڈ میں جلسے کی اجازت دی گئی، اسپورٹس بورڈ کے آئین کے تحت گراؤنڈ کو کسی اور مقصد کے لیے استعمال نہیں کیا جا سکتا، گراؤنڈ میں شادی فنکشن یا سیاسی جلسے نہیں ہو سکتے، اسپورٹس بورڈ نے اجلاس کیے بغیر ہی ہاکی گراؤنڈ میں جلسے کی اجازت دی جو غیر قانونی ہے، اسپورٹس بورڈ نے جلسے کی اجازت دیکر اختیارات سے تجاوز کیا، ہاکی اسٹیڈیم ہمارا اثاثہ ہے ، جلسے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔جسٹس مزمل اختر شبیر نے ریمارکس دیے کہ مال روڈ بھی تو اثاثہ ہے اس پر آپ روز جلسے جلوس کرتے ہیں۔

پنجاب حکومت کے وکیل نے جلسہ رکوانے کی درخواستوں کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ایک پر امن جلسہ ہونے جا رہا ہے جس کی آئین بھی اجازت دیتا ہے، جو آسٹروٹروف اتارا گیا ہے وہ کسی اور گراؤنڈ میں استعمال ہو گا ہاکی گراؤنڈ میں نیا آسٹروٹروف لگے گا۔لاہور ہائیکورٹ نے عطا اللہ تارڑ سمیت دیگر کی ہاکی گراؤنڈ میں جلسہ روکنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت یقینی بنائے کہ جلسے کے دوران کوئی نقصان نہ ہو، ہاکی گراؤنڈ میں آسٹروٹروف جلد از جلد لگائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے