لیفٹیننٹ جنرل (ر) سجاد غنی نے چیئرمین واپڈا کے عہدے کا چارج سنبھال لیا
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی (ریٹائرڈ) نے چیئرمین واپڈا کے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔ وہ واپڈا کے 23ویں چیئرمین ہیں۔لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی (ریٹائرڈ) پیشہ ور انجینئر اور سولجر ہیں۔ اُنہوں نے ان دونوں شعبوں میں متوازی طور پر چار دہائیوں تک خدمات سر انجام دی ہیں۔اُنہوں نے ملٹری کالج آف انجینئرنگ سے 1984ء میں بی ایس سی انجینئرنگ کی ڈگری حاصل کی۔
بعد ازاں یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور سے 1990ء میں سول انجینئرنگ میں ماسٹر زکیا۔ وہ کمانڈر انجینئرنگ کور اور کوارٹر ماسٹر جنرل، پاکستان آرمی کے طور پر خدمات سر انجام دے چکے ہیں جہاں پر اِن کی نگرانی میں متعدد میگا پراجیکٹس تعمیر کئے گئے۔
لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی (ریٹائرڈ)نے 1978ء میں پاک فوج میں کمیشن حاصل کیا۔اُن کا تعلق پاکستان آرمی کے انجینئرنگ کور سے ہے۔اُنہوں نے سوات آپریشن کے دوران انفنٹری بریگیڈ اور انفنٹری ڈویژن کو بھی کمانڈ کیا۔ وہ جی ایچ کیو میں وائس چیف آف جنرل سٹاف کے عہدے پر بھی فائز رہے، اُنہوں نے کراچی کور کو بھی کمانڈ کیا۔