بلوچستان اسمبلی صوبے کے عوام کا منتخب جمہوری فورم ہے، ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پارلیمانی سیکرٹری قانون و پارلیمانی امور سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا ہے کہ 12 اگست بروز جمعہ بلوچستان اسمبلی کا چوتھا پارلیمانی سال مکمل ہوگیا ہے اس پارلیمانی سال میں 26 قراردادیں اور 26 قوانین منظور ہوئے۔ 169 میں سے 114 سوالات اور 17 توجہ دلاو نوٹسز میں سے 15 نمٹائے گئے یہ بات انہوں نے چوتھے پارلیمانی سال کی تکمیل پر اپنے جاری ایک بیان میں کہی ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ بلوچستان اسمبلی صوبے کے عوام کا منتخب جمہوری فورم ہے جہاں بلوچستان کے ہر علاقے کی پارلیمانی نمائندگی موجود ہے اور پارلیمنٹرین مفاد عامہ کے لئے قانون سازی میں مصروف عمل ہیں انہوں نے کہا کہ یہ امر باعث اطمینان ہے کہ اس ایوان نے آج چار پارلیمانی سال مکمل کرلئے جس پر تمام معزز اراکین اسمبلی کو مبارکباد پیش کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ بلوچستان اسمبلی میں مفاد عامہ سے متعلق قانون سازی کے ساتھ ساتھ صوبے کے عوام کو درپیش مسائل و مشکلات کے حل کے لئے بھی آواز بلند ہوئی اور مختلف قراردادوں کے زریعے وفاق سے بھی مطالبات کئے گئے پارلیمانی نظام حکومت کا تقاضہ ہے کہ وفاق بلوچستان کے قانون ساز فورم سے منظور ہونے والی قراردادوں کو ترجیحی بنیادوں پر اہمیت دیتے ہوئے مضبوط فیڈریشن ہونے کا عملی ثبوت دے انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے معروضی حالات وسائل اور مسائل دیگر صوبوں سے قطعہ مختلف ہیں مجموعی ملکی رقبے کے نصف کے مساوی اس صوبے کے عوام کو ترقی کے دھارے میں شامل کرنے کے لئے آغاز حقوق بلوچستان پیکج پر مکمل عمل درآمد کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ ایک ایسے وقت میں جبکہ وفاق میں مسلم لیگ اور پیپلز پارٹی سمیت دیگر جماعتوں کی قومی حکومت قائم ہے یہ وقت ہے کہ آئینی فریم ورک میں اتفاق رائے سے منظور ہونے والے آغاز حقوق بلوچستان پیکج کی زیر التواء شقوں پر بلا تاخیر عمل درآمد یقینی بناکر بلوچستان کا احساس محرومی حقیقی معنوں میں دور کیا جائے۔