پیپلزپارٹی نے ہمیشہ اقلیتوں کے حقوق کے لئے جدوجہد کی ہے، سردارسربلند جوگیزئی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے صدر میر چنگیز خان جمالی، جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ اور سیکرٹری اطلاعات سردار سربلند خان جوگیزئی نے کہا ہے کہ آج کا دن پاکستان میں مقیم اقلیتوں کی طرف سے پیش کی گئی گرانقدر قربانیوں کو یاد کرنے اور انہیں در پیش مسائل و مشکلات کو اجاگر کرنے کا دن ہے آج بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے فرمودات کی روشنی میں تمام مذاہب کے لوگوں کو بلا امتیاز مساوی حقوق فراہم کرنے کے عزم کی تجدید کا دن ہے۔ا اقلیتوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ اہل پاکستان نے ہمیشہ مذہبی ہم آہنگی کے لئے کوششیں کرکے مادر وطن میں جمہوری اقدار کو فروغ دیا ہے اور اقلیتوں کا دن منانے کا ایک مقصد قومی زندگی میں اْن کی خدمات کا اعتراف کرنا بھی ہے پیپلز پارٹی نے ہمیشہ اقلیتوں کے حقوق کے لئے جدوجہد کی ہے پیپلز پارٹی نے اقتدار میں آکر اقلیتوں کے لئے قانونیسازی کی ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے دور حکومت میں صدر آصف علی زرداری کی خصوصی ہدایت پر قومی اسمبلی اور سینٹ میں اقلیتی نشستوں میں اضافہ کیا گیا ہے اور پیپلز پارٹی کے ہی دور حکومت میں پہلی مرتبہ 11 اگست کو اقلیتوں کا قومی دن منایا گیا، پیپلز پارٹی کی حکومت نے سینٹ میں اقلیتوں کے لئے نشستیں مخصوص کیں اور سرکاری ملازمتوں میں 5 فیصد کوٹہ اقلیتوں کے لئے مختص کیا جو کہ ایک تاریخی فیصلہ تھا یہ کریڈٹ بھی پیپلز پارٹی کی حکومت کو جاتا ہے جس نے اقلیتوں کے مذہبی تہواروں کو ہرسال سرکاری طور پر منانے کا فیصلہ کیا تھاانہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اقلیتوں کو قومی دھارے میں لانے اور انھیں مساوی حقوق دلانے کے لئے پارٹی منشور میں ان کے مفادات اور مساوی حقوق کو خاص ترجیح دی پاکستان پیپلز پارٹی اقلیتوں کے حقوق اور ان کے ساتھ مل کر پاکستان کو ترقی کی راہ پر لے جانے کے لئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔