بنیادی یونٹس ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، مولاناعبد الرحمن

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کی مجلس عاملہ کا اہم اجلاس زیر صدارت ضلعی امیر مولانا عبد الرحمن رفیق منعقد ہوا، جس میں موجودہ صورت حال کے پیش نظر مختلف موضوعات پر بحث ہوئی اور متعدد فیصلے کے کئے گئے،اجلاس میں سینئر نائب امیر مولانا خورشید احمد جنرل سیکریٹری حاجی بشیر احمد کاکڑ مولانا قاری مہر اللہ مولانا محمد ہاشم خیشکی مولانا محمد ایوب حافظ مسعود احمد سیکرٹری اطلاعات عبدالغنی شہزاد سیکرٹری مالیات میر سرفراز شاہوانی ایڈووکیٹ سالار اور دیگر نے بڑی تعداد میں شرکت کی، آج ضلع بھر کے یونٹوں کا دورہ کا بھی آغاز کیا گیا، دس کمیٹیوں پر مشتمل اراکین عاملہ نے مختلف یونٹوں کے دورے کے دوران تمام شعبوں کا تنقیدی جائزہ لیا اور ہدایات دیں۔ یونٹوں کے اجلاسوں سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی امیر مولانا عبد الرحمن رفیق اور دیگر قائدین نے کہا کہ بنیادی یونٹس ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کی اصل قوت بنیادی یونٹ ہے، انہوں نے کہا کہ جمعیت ہی عوام کی امنگوں اور احساسات کی ترجمانی کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے انہوں نے کہا کہ گستاخی کے مرتکب مصنوعی اور حادثاتی گماشتوں کو ٹھکانے لگانا ملک کے مفاد میں ہے، گھٹیا اور بے ہودہ زبان استعمال کرنے والوں کو نشان عبرت بناکر ملک کو بدتہذیبی سے بچائے، انہوں نے کہا کہ بعض ناکام سیاسی لوگ موجودہ حکومت کو ناکام دیکھنے کیلئے ملک کو دیوالیہ دیکھنا چاہتے ہیں جو وطن سے غداری کے مترادف ہے، سیاسی اختلاف ہر ایک کا حق ہے لیکن ملک کی بقاء اور استحکام کے سامنے اپنی آنا کو قربان کرنا ہوگا۔ جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے قائدین نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے ممنوعہ فنڈنگ کیس کے فیصلے کے بعد توشہ خانہ کے چور کو عبرت کا نشان بنانا چاہئے، جنہوں نے لفاظی اور مفروضوں کی بنیاد پر ملک میں انتشار اور بداخلاقی کی سیاست کو فروغ دیا،روز روز نئے نئے بیانیوں کی تلاش میں رہنے والے موجودہ حکومت کو امریکی حامی قرار دے رہے تھے آج انہوں نے خیبرپختونخوا حکومت کیلئے امریکہ سے 36گاڑیاں وصول کرلی ہیں۔انہوں نے کہا غیر ملکی غیر قانونی چیرٹی کو ملک میں انتشار پھیلانے اور ملک کو کمزور کرنے کے لیے استعمال کیا گیا،اب حکومت اور عدلیہ کو اس کے خلاف عملی کاروائی کرنی چاہیے،انہوں نے کہا کہ ملک کی سیاست میں عمران خان کی شکل میں غیر ضروری عنصر کے خاتمے کے لیے جمعیت علما اسلام کے کارکن آخری حد تک جاکر کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، کیوں کہ ملک کی اسلامی شناخت کو بہر صورت برقرار رکھنا ہوگا۔ دریں اثناء جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ شیڈول کے مطابق 26اگست تک یونٹوں کا دورہ جاری رکھے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے