سانحہ سول ہسپتال کے شہداء کا غم آج بھی ہمارے دلوں میں تازہ ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے سانحہ سول ہسپتال کے شہید وکلاء کی چھٹی برسی کے موقع پر اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ سانحہ سول ہسپتال کے شہداء کا غم آج بھی ہمارے دلوں میں تازہ ہے، بزدل دہشت گردوں نے ہمارے معاشرے کے پڑھے لکھے اور باشعور طبقے کو بربریت کا نشانہ بناتے ہوئے ہمارے دلوں پر وار کیا انہوں نے شہداء کے خاندانوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے عوام اور حکومت شہداء کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور یہ امر باعث اطمینان ہے کہ سانحہ میں ملوث دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں کو کیفرکردار تک پہنچایا گیا ہے وزیراعلیٰ نے کہا کہ سانحہ میں ہم سے بچھڑنے والے شہید وکلاء کی یادوں کو یقیناً کبھی بھلایا نہیں جاسکتا، وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کے وکلاء کا شمار ملک کے بہترین وکلاء میں ہوتا ہے جو شعبہ قانون اور قانونی امور سے متعلق بہتر آگاہی اور ادراک رکھتے ہیں، سانحہ کی صورت میں اس اہم شعبے میں پیدا ہونے والے خلاء کو پر کرنے کے لئے نوجوان وکلاء کو اسکالرشپ پر بیرون ممالک اعلیٰ تعلیم کی فراہمی کے پروگرام پر عملدرآمد جاری ہے وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت بلوچستان نے پاکستان بار کونسل،بلوچستان بار کونسل اور تمام ضلعی بار ایسوسی ایشن کے لئے خصوصی گرانٹ ان ایڈ دی ہے تاکہ وکلاء کو بہترین سہولیات مل سکیں وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں دیرپا بنیادوں پرامن کے قیام کے لئے ہرممکن اقدامات کئے جارہے ہیں، کیونکہ ایک فلاحی معاشرے کے قیام کے لئے امن ناگزیر ہے جس سے معاشرے کے تمام طبقات بلاکسی خوف وخطر اپنے اپنے شعبوں میں اپنا مثبت اور تعمیری کردار ادا کر سکیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے