ماہ محرم الحرام کا پیغام ظلم کے خلاف ڈٹ جانا ہے، فرح عظیم شاہ

کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) ترجمان حکومت بلوچستان فرح عظیم شاہ نے نواسہ رسولﷺ حضرت حسینؓ کی شہادت ہمیں قربانی صبر و برداشت کا درس اور حق کیساتھ کھڑے رہنے کا سبق دیتی ہے۔ ماہ محرم الحرام کا پیغام ظلم کے خلاف ڈٹ جانا ہے۔ نواسہ رسول حضرت حسین ؓ نے اپنے عمل سے انسانیت کو برداشت، ضبط اور رواداری کا درس دیا ہے کہ حق اور انصاف کیلئے جدوجہد کرنا، قربانیاں دینا حسینی طرز عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت محرم الحرام کے دوران امن امان برقرار رکھنے،مجالس اور جلوس کیلئے صوبے بھر میں فول پروف حفاظتی انتظامات کررہی ہے جس میں پولیس کے علاوہ دیگر سیکورٹی ادارے باہمی اشتراک اور تعاون سے موثر انتظامات کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے مقدس مہینے میں چند شرپسند عناصر اتحاد امت کو نقصان پہنچانے کیلئے تخریبی کارروائیاں کرکے نفرت پھیلاتے ہیں اور فساد فی الارض برپا کرتے ہیں، ایسے تخریبی عناصر کا اتحاد و یکجہتی کے ساتھ مقابلہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت بھی ایسے شرپسند عناصر کیخلاف پوری طاقت بروئے کار لارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام میں امن و امان کو قائم رکھنے کیلئے سیکورٹی کے فول پروف انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں، عزادری جلوسوں کے روٹس پر تمام دکانوں کی سرچنگ، سیلنگ مکمل اور تجاوزات کو ہٹا دیا جائے گا۔ جلوس والے علاقے میں واک تھرو گیٹس نصب کیے جائیں گے تاکہ جلوسوں میں شرکاء کی چیکنگ کی جاسکے۔ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر سیکورٹی اہلکار تعینات کرکے مشکوک افراد پر کڑی نگرانی رکھی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام محرم الحرام کے دوران شرپسند عناصر کی سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے اتحاد و اتفاق کا بھرپور مظاہرہ کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے