فارن فنڈنگ کیس منطقی انجام تک پہنچانے کا فیصلہ کرلیا، حمزہ کی نواز شریف سے ملاقات کے بعد گفتگو
لندن(ڈیلی گرین گوادر)لندن میں مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف سے ملاقات کے بعد گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ حکومت اور تمام اتحاد ی جماعتوں نے ممنوعہ فارن فنڈنگ کیس کو منطقی انجام تک پہنچانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
رہنما مسلم لیگ ن حمزہ شہباز کی لندن میں نواز شریف سے ملاقات ہوئی جس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ انا کے پہاڑ پر بیٹھ کر سب کو چور اور ڈاکو کہنے والے ڈیکلیئرڈ صادق اور امین کا قوم محاسبہ کرے گی۔حمزہ شہباز نے کہا کہ اگر نواز شریف بیٹے سے تنخواہ نہ لینے کے الزام میں نااہل ہوسکتے ہیں تو عمران نیازی تو سر سے لے کر پیر تک ممنوعہ فنڈنگ کیس میں ڈوبے ہوئے ہیں۔
حمزہ نے کہا کہ آنے والا الیکشن اپنے وقت پر 2023 میں ہوگا اور مجھے پوری امید ہے اس میں مسلم لیگ ن کی الیکشن مہم کی قیادت نواز شریف خود کریں گے۔وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس معاملے کو ایسے نہیں چھوڑیں گے، عدالت سے انصاف لیں گے، جب اس معاملے پر فل کورٹ بنے گا تو سب دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہوجائے گا۔