بلوچستان اسمبلی میں ہیلی کاپٹر حادثے کے شہدا کیلیے قرارداد پیش
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان اسمبلی میں ہیلی کاپٹر حادثے کے شہدا کے لیے قرار داد پیش کی گئی جسے کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا جبکہ وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ ہیلی کاپٹر حادثے کی وجہ سے ساری قوم حالت غم میں ہے اور شرپسند عناصر منفی پروپیگنڈا کررہے ہیں۔بلوچستان اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی اسپیکر بابر موسیٰ خیل کی صدار ت میں ہوا جس میں آغاز پر ہیلی کاپٹر حادثے کے شہداء، بارش ، سیلاب اور کوئٹہ میں کانگو وائرس کے انتقال کرنے والوں کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔
بعد ازاں مشیر داخلہ میر ضیا اللہ لانگو نے اسمبلی اجلاس میں کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ سرفراز علی اور دیگر شہداء کیلئے تعزیتی قرارداد پیش کی۔ جس کے متن میں لکھا گیا تھا کہ جب بھی مادر وطن پر آفت آئی فوجی جوان موقع پر پہنچے ، شہید کور کمانڈر کوئٹہ نے فرض کی بجا آوری کی مثال قائم کی، شہید کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی نے خدمت کا تاریخی کردار ادا کیا۔
بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ پاک افواج اور پاکستانی قوم کو دنیا کی کوئی طاقت ایک دوسرے سے دور نہیں کرسکتی کیونکہ دونوں کے درمیان موجود تعلق باہمی محبت احترام اور اعتماد کی بنیاد پر قائم ہے۔عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ پاکستان کے 24 کروڑ عوام کل بھی پاک فوج کے ساتھ تھے آج بھی ہیں اور ہمیشہ رہیں گے، ہیلی کاپٹر حادثے کے بعد سوشل میڈیا پر ہونے والے منفی پراپیگنڈا قوم اورسوگوار خاندانوں کے غم میں اضافہ کا باعث بنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قوم حالت غم اور شہداء کے لواحقین سوگ میں ہیں، ہیلی کاپٹر حادثے میں ملک کے بہترین افسر ہم سے جدا ہوئے، خیبر سے بلوچستان کے ساحلوں تک امداد ی سرگرمیوں میں مصروف پاک فوج کے افسران و جوانوں کو قوم کی حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے۔وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ منفی پراپیگنڈہ سے ملکی سالمیت کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے رکن اسمبلی خلیل جاری نے کہا کہ مسیحی قوم کی جانب سے بلوچستان ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔