صحافی عبدالواحد رئیسانی کے قاتلوں کی عدم پیشی پر بی یوجے کااظہار تشویش

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان یونین آف جرنلسٹس نے شہید صحافی عبدالواحد رئیسانی کے قتل کیس میں مفرور ملزم رفیع اللہ کے ڈیڑھ سال بعد بھی گرفتار نہ ہونے اور ضمانت پر رہا ملزمہ کی عدالت میں مسلسل تیسری پیشی میں غیرحاضری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پولیس حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ مطلوب ملزم کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے اور ضمانت پر رہا ملزمہ کی عدالت میں پیشی کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ بی یو جے کے صدر عرفان سعید، جنرل سیکرٹری منظور احمد اور کابینہ کے دیگر ارکان نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ گزشتہ روز ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج IXکوئٹہ نجیب اللہ خان کاکڑ کے روبرو شہید صحافی عبدالواحد رئیسانی قتل کیس کی سماعت ہوئی تاہم بعدازگرفتاری ضمانت پر رہا ملزمہ مسلسل تیسری مرتبہ بھی عدالت میں پیش نہیں ہوئیں جس پر معزز جج نے برہمی کا اظہار کیا صحافی برادری کو عدالت سے انصاف کی پوری امید ہے۔ تاہم بی یو جے سمجھتی ہے کہ متعلقہ پولیس کی جانب سے صحافی کے قتل کیس میں سنجیدگی کا مظاہرہ کیا جانا ضروری ہے کیس میں مطلوب مرکزی ملزم کو تاحال گرفتار نہیں کیا جاسکا ہے اور اب ضمانت پر رہا ملزمہ بھی عدالت میں مسلسل پیش نہیں ہورہی جس سے شہید صحافی عبدالواحد کے اہل خانہ اور صحافی برادری میں تشویش پائی جارہی ہے۔ پولیس کی جانب سے ٹھوس اقدامات نہ اٹھائے جانے کی صورت میں بی یو جے احتجاجی لائحہ عمل طے کرنے پر مجبور ہوگی۔ بی یو جے نے آئی جی پولیس ڈی آئی جی کوئٹہ پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کیس کی خود نگرانی کرتے ہوئے متعلقہ پولیس کو مفرور ملزم کی گرفتاری اور ضمانت پر رہا ملزمہ کی عدالت میں پیشی کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کریں تاکہ صحافی کے قتل کا یہ کیس منطقی انجام تک پہنچے اور مجرمان کو سزا دلوائی جاسکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے