شمالی وزیرستان دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، ایک جوان شہید

شمالی وزیرستان: سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کارروائی کرکے ایک دہشت گرد کو ہلاک کردیا جبکہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک سپاہی شہید ہوگیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز نے ضلع شمالی وزیرستان میں میران شاہ کے شہری علاقے میں انٹیلی جینس کی بنیاد پر کارروائی کی۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ہلاک دہشت گرد کے زیر قبضہ اسلحے اور بارود بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ مارا گیا دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تھا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران پنجاب کے علاقے نارووال سے تعلق رکھنے والے 30 سالہ سپاہی انصر علی شہید ہوگئے۔کارروائی کے حوالے سے بتایا گیا کہ علاقے کو مزید دہشت گردوں سے پاک کرنے کے لیے کارروائی کی جارہی ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک کے کسی بھی کونے میں موجود دہشت گردی کے ہر پہلو کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیاں ملک میں پائیدار امن لائیں گی۔اس سے قبل 23 جولائی کو شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر دو مخلتف کارروائیاں کرتے ہوئے 3 دہشت گردوں کو ہلاک اور 4 کو گرفتار کر لیا تھا۔

آئی ایس پی آر سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ پہلے آپریشن میں انتہائی مطلوب دہشت گرد کمانڈر کو تین مسلح ساتھیوں سمیت زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا جبکہ دوسرے آپریشن میں 3 دہشت گرد مارے گئے۔بیان میں کہا گیا تھا کہ ان کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور آئی ای ڈیز کو بھی برآمد کیا گیا ہے، ہلاک اور گرفتار تمام دہشت گردوں کا تعلق حافظ گل بہادر گروپ سے ہے۔

خیال رہے کہ 13 جولائی کو خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے مختلف کارروائیوں کے دوران 10 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا ایک اہلکار بھی شہید ہوا تھا۔

قبائلی ضلعے شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز اور مشتبہ دہشت گردوں کے درمیان حالیہ مہینوں میں جھڑپیں معمول بن چکی ہیں۔3 جولائی کو سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں 2 علیحدہ علیحدہ کارروائیوں میں 4 دہشت گرد ہلاک کردیے تھے جبکہ پاک افغان سرحد کے قریب ضلع خیبر میں ہونے والے حملے میں 3 فوجی جوان زخمی ہوگئے تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے