بلوچستان میں سیلاب زدگان کی امداد کیلئے جانے والے شہید افسران کی نمازِ جنازہ ادا کردی گئی
راولپنڈی: آرمی ایوی ایشن ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے تمام 6افراد کی میتیں مل گئیں۔ بلوچستان میں سیلاب زدگان کی امداد کیلئے جانے والے شہید افسران کی نمازِ جنازہ ادا کردی گئی ہے۔جامِ شہادت نوش کرنے والے افسران کی نمازِ جنازہ ملیر گیریژن میں ادا کی گئی۔ شہداء کی میتوں کو آبائی علاقوں کی جانب روانہ کردیا گیا۔ تمام افسران کی شہادت کی تصدیق گزشتہ روز آئی ایس پی آر نے کی۔ پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے بیان کے مطابق ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ڈی جی کوسٹ گارڈز میجر جنرل امجد حنیف آزاد کشمیر کے شہر راولا کوٹ سے تعلق رکھتے تھے۔شہید کمانڈر انجینیئر 12 کور بریگیڈیئر محمد خالد کا تعلق فیصل آباد سے تھا، بریگیڈیئر محمد خالد نے 1994 میں 20 انجینیئر بٹالین میں کمیشن حاصل کیا ، شہید نے بیوہ، تین بیٹیوں اور تین بیٹوں کو سوگوار چھوڑا ہے۔شہید پائلٹ میجر سعید کا تعلق لاڑکانہ سے تھا، انہوں نے بیوہ، ایک بیٹی اور ایک بیٹے کو سوگوار چھوڑا ہے۔ہیلی کاپٹرحادثے میں شہید ہونےوالے معاون پائلٹ میجر محمد طلحہ منان نے بیوہ اور دو بیٹوں کو سوگوار چھوڑا ہے۔