وطن کے یہ بیٹے قوم کا فخر ہیں،وزیر اعظم
اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر)وزیراعظم شہباز شریف نے کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی سمیت آرمی کے 6 افسران اور جوان کی شہادت پر گہرے رنج وغم اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی، ڈی جی پاکستان کوسٹ گارڈ میجر جنرل امجد،کمانڈر انجینئر 12 کور بریگیڈیئر خالد، پائلٹ میجر سعید، کوپائلٹ میجر طلحہ اور کریو چیف نائک مدثر شہید کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے۔انہوں نے کہاکہ وطن کے یہ بیٹے قوم کا فخر ہیں جنہوں نے اپنی جانیں سیلاب میں گھرے اپنے ہم وطنوں کی جانیں بچانے کے لئے وار دی۔انہوں نے کہاکہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی اور ان کے ساتھی انسانیت کی خدمت اور فرض کی بجاآوری کی روشن مثال بنے ہیں۔انہوں نے کہاکہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی ایک بہترین پرفیشنل، فرض شناس اور قابل افسر ہونے کے ساتھ انتہائی ایماندار اور ایک اچھے انسان تھے۔ انہوں نے کہاکہ پوری قوم اس حادثے پر انتہائی مغموم اور افسردہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم شہدا کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کرتے ہیں،پوری قوم شہدا کے اہل خانہ کے غم میں شریک ہے،اللہ تعالیٰ شہدا کے درجات بلند فرمائے اور اہل خانہ کو صبر جمیل اور اجر عظیم دے۔ آمین