صدرعارف علوی کا آرمی چیف سے ٹیلی فون پر رابطہ، بلوچستان ہیلی کاپٹرحادثے کے شہداء کیلئے اظہار افسوس

اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے چیف آف آرمی اسٹاف، جنرل قمر جاوید باجوہ، سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے اور بلوچستان میں ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے فوجی افسران اور جوانوں کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ صدر مملکت نے آرمی چیف سے کور کمانڈر 12 کورلیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی، ڈائریکٹر جنرل پاکستان کوسٹ گارڈ میجر جنرل امجد حنیف، 12 کور کے بریگیڈیئر محمد خالد، پائلٹ میجر سعید احمد، معاون پائلٹ میجر محمد طلحہٰ منان اور نائیک مدثر فیاض کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کیلئے بلندی درجات کی دعا کی اور ان کے اہل ِ خانہ کیلئے اظہارہمدردی بھی کیا۔صدر مملکت نے ملک و قوم کیلئے شہداء کی خدمات کو خراج ِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم کے فرض شناس بیٹے بلوچستان میں سیلاب سے متعلق امدادی کاموں میں مصروف تھے اور انہوں نے اپنے فرض کی ادائیگی اور قوم کی خدمت کیلئے انتہائی جانفشانی، محنت اور لگن سے کام کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔ انہوں نے کہا کہ بے لوث خدمت کے جذبے سے سرشار یہ سپوت قوم کے محسن ہیں۔صدر مملکت نے آرمی چیف سے اپنی گفتگو کے دوران ان کے سابقہ دورہ گوادر کے دوران کور کمانڈر جنرل سرفراز علی سے ملاقات اور ان کی جانب سے دی گئی بریفنگ کا بھی ذکر کیا۔ صدر عارف علوی نے کہا کہ اس بریفنگ کے دوران میں نے انہیں انتہائی قابل، ذہین اور فرض شناس افسر کے طور پر پایا۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے صدر مملکت کو بتایا کہ امدادی سرگرمیوں کے دوران خراب موسم کی وجہ سے حدِ نگاہ کم ہوئی جس کی وجہ سے ہیلی کاپٹر کو حادثہ درپیش آیا۔ آرمی چیف نے مزید کہا کہ ہیلی کاپٹر کا ملبہ حاصل کرلیا گیا ہے اور تمام فوجی افسران جام شہادت نوش کرچکے ہیں۔صدر مملکت نے ٹیلی فون پر اپنی گفتگو میں اس خواہش کا اظہار کیا کہ وہ ان شہداء کے جنازے میں بنفسِ نفیس شرکت کریں گے اور خاص طور پر ان کے اہل ِ خانہ اور لواحقین سے بھی اظہار تعزیت کریں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے