جنرل سرفراز علی کی خواہش تھی بلوچستان ترقی کرے،وزیراعلیٰ بلوچستان
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)وزیراعلیٰ بلوچستان عبد القدوس بزنجو نے کہا ہے کہ جنرل سرفراز علی صوبے کی تعمیر و ترقی میں گہری دلچسپی رکھتے تھے اور اُن کی خواہش تھی کہ بلوچستان ترقی کرے۔بلوچستان میں ہیلی کاپٹر حادثے پر اپنے تعزیتی بیان میں عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ ہیلی کاپٹر حادثہ دکھ اور افسوس کا باعث ہے، حادثے میں کور کمانڈر لیفٹینٹ جنرل سرفراز علی، ڈی جی کوسٹ گارڈاور بریگیڈئیر خالد سمیت عملے کے اراکین کی شہادت افسوسناک ہے۔
انہوں نے کہا کہ حادثے کی اطلاع میرے لیے ناقابل یقین تھی، ہیلی کاپٹر میں سوار تمام افراد ملک کا سرمایہ اور قوم کا فخر تھے، جنرل سرفراز علی اور دیگر شہداء نے قومی فریضے کی ادائیگی کے دوران اپنی قیمتی جانیں پیش کیں۔قدوس بزنجو کا کہنا تھا کہ شہداء کا شمار پاک فوج کے بہترین افسران میں ہوتا تھا، ہیلی کاپٹر حادثے میں قیمتی جانی نقصان قومی سانحہ ہے ،پوری قوم غمزدہ ہے، جنرل سرفراز علی سے بھائیوں اور دوستوں جیسا مثالی تعلق تھا۔
انہوں نے کہا کہ بحیثیت کور کمانڈر کوئٹہ جنرل سرفراز علی بلوچستان کی تعمیر و ترقی میں گہری دلچسپی رکھتے تھے اور اُن کی خواہش و کوشش تھی کہ بلوچستان تیزی سے ترقی کرے۔عبدالقدوس بزنجو کا مزید کہنا تھا کہ شہید جنرل سرفراز علی نے بلوچستان میں مختلف عہدوں پر کام کیا، اُن سمیت دیگر شہداء کی شہادت بھی سیلاب متاثرین کی امداد و بحالی کے مشن میں ہوئی۔