ماں کے دودھ کی افادیت سے متعلق آگاہی کا عالمی مہینہ اگست کی مناسبت سے سول ہسپتال میں سیمینار کا انعقاد ڈاکٹر ربابہ بلیدی اور، ڈاکٹر طاہر زہری کی شرکت
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)ماں کے دودھ کی افادیت سے متعلق آگاہی کا عالمی مہینہ اگست 2022 دن کی مناسبت سے پی جی ایم آئی سول ہسپتال میں سیمینار کا انعقادہوا۔ آگاہی سیمینار نیوٹریشن پروگرام محکمہ صحت بلوچستان اور یونیسیف کے تعاون سے منعقد کرایا گیا جس میں پارلیمانی سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ پارلیمنٹری افیئرز ڈاکٹر ربابہ بلیدی، ایم ایس سول ہسپتال اور ڈائریکٹر نیوٹریشن سیل بلوچستان، ڈاکٹر امین خان مندوخیل، ایڈیشنل ڈائریکٹرہیلتھ سروسز شوکت بلوچ، پروفیسر ظاہرخان مندوخیل، پروفیسر بشیر ابڑو، ڈاکٹر طاہر زہری، ڈاکٹر زیب نساء مگسی، ڈاکٹر شمائل مندوخیل، یونیسیف کے عمران جتوئی دیگرسینئر ڈاکٹرز اورطبی عملہ سمیت مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد شامل تھے، سیمینار کے اہتمام کا مقصد نوزائیدہ بچے کو پیدائش کے فوراً بعد ماں کا دودھ شروع کروانے سے متعلق آگاہی فراہم کرنا تھا۔ ماہر ڈاکٹرز طبی ماہرین اور دیگر شرکاء نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بچے کو چھ ماہ کی عمر تک صرف اور صرف ماں کا دودھ پلائیں چھ ماہ کی عمر کے بعد سے بچے کوخوراک شروع کروائیں کیونکہ بچے کی اچھی نشوونما کیلئے ماں کے دودھ کے ساتھ ساتھ بچے کو اضافی خوراک کی بھی ضرورت ہوتی ہے۔ ماں کے دودھ کی افادیت اور غزائیت کی آگاہی کے حوالے سے تمام اسٹیک ہولڈرز سمیت میڈیا، مذہبی سکالرز، علماء کرام کو بھی موثر کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر آگاہی واک کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں ڈاکٹرز طبی عملہ سمیت سماجی کارکنوں اور شہریوں نے شرکت کی۔