بلوچستان میں سیلاب زدگان کا آخری گھر جب تک آباد نہیں ہوتا چین سے نہیں بیٹھیں گے، شہباز شریف
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)وزیر اعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے کے دور ان متاثرین کور فوری معاوضے کا حکم دیا ہے۔ پیر کو وزیر اعظم شہباز شریف بلوچستان میں سیلاب سے نقصانات اور امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کوئٹہ پہنچے۔وفاقی وزرا بھی وزیر اعظم کے ہمراہ موجود تھے۔ ائیرپورٹ پر چیف سیکرٹری نے انہیں سیلاب کی صورتحال پر بریفنگ دی جس کے بعد وزیراعظم وزیراعلیٰ کے ہمراہ قلعہ سیف اللہ گئے اور سیلاب سے متاثرہ علاقے خشنوب کا دورہ کیا۔صوبائی حکام نے وزیراعظم شہباز شریف کو علاقے میں سیلاب کی تباہ کاریوں اور امدادی کاموں پر بریفنگ دی۔اس موقع پر وزیراعظم نے سیلاب اور بارشوں کے دوران جاں بحق افرادکے ورثا کو معاوضے کی رقم 24 گھنٹے میں ادا کرنے کا حکم دیا۔انہوں نے کہا کہ چیلنج بڑا ہے لیکن اس کا مل کر مقابلہ کریں گے، بحالی اور امداد کے لیے ین ایچ اے کی کوششیں لائق تحسین ہیں۔شہباز شریف نے کہاہ کہ انسانی جانوں کے نقصان کیساتھ انفرا اسٹرکچر بھی تباہ ہوا، علاقے میں میڈیکل کیمپ کا جال پھیلایا جائے، حکومت قومی جذبے سے بحالی اور آبادکاری کے لیے پرعزم ہیں، آخری گھر جب تک آباد نہیں ہوتا چین سے نہیں بیٹھیں گے۔