عمران خان نے ملک کی معیشت کو تباہ وبرباد کر دیا ہے، مولانا فضل الرحمان
پشاور: سیاسی جماعتوں کے اتحاد پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ریاست کی کمزوریوں کی وجہ سے قبائلی علاقوں میں بدنظمی پیدا ہو گئی ہے، ریاست کو قبائلی علاقوں پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ ہفتے ہمارے چار سے پانچ لوگوں کو شہید کیا جا چکا ہے جس میں ہمارے منتخب چیئرمین بھی شامل ہیں، قبائلی علاقوں کے عوام اپنا تحفظ کرنا جانتے ہیں، طاقت ور لوگ عقل سے عار ی ہیں جب کہ عقل مند طاقت سے عاری ہیں، مقامی انتظامیہ اور پولیس اپنے آپ کو بے بس محسوس کر رہی ہے، وزیراعظم سے ملاقات کر کے سنجیدگی کے ساتھ اس پرسوچیں گے۔
امیر جمعیت العلمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے ملک کی معیشت کو تباہ وبرباد کر دیا ہے، جس دلدل میں ہمیں پھنسایا گیا اس سے نکلنا آسان نہیں، پی ٹی آئی حکومت ایسے معاہدے کر کے گئی کہ ملک کوگروی رکھ دیا، حکومت اپنی مدت پوری کرے گی، ہم سب کو آج ملک کیلئے سوچنا ہو گا۔
امیر جے یو آئی (ف) نے کہا کہ شمالی وزیرستان سمیت دیگرعلاقوں میں مسلح لوگوں کا راج ہے، قبائلی نوجوان اپنے مستقبل کےحوالے سے پریشان ہیں، قبائلی لوگوں کوشدید مشکلات کا سامنا ہے، قبائلی علاقے کی انتظامیہ کو فعال کرنے کی ضرورت ہے، کمیٹی بنا کران علاقوں کا سروے کیا جائے تا کہ مسائل حل ہوسکیں۔پی ڈی ایم کے سربراہ نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد سے قبل پی ڈ ی ایم کی کے اعلامیے میں نواز شریف کی مرضی بھی شامل تھی، عدم اعتماد سے قبل ایک رائے تھی کہ نئے انتخابات کرائے جائیں، نواز شریف نے اب اسی رائے سے متعلق بیان دیا ہے، تحریک انصاف نے ملک کو دلدل میں دھکیل دیا ہے، سی پیک ایک پیکج ہے جس میں سڑک ، ریلوے لائن اور پاورسیکٹرز شامل ہیں۔