بنگلہ دیش،طلباء کی بس اور ٹرین کے تصادم میں 11 افراد ہلاک

ڈھاکہ(ڈیلی گرین گوادر) بنگلہ دیش میں طلباء کی بس اور ٹرین کے تصادم میں 11 افراد ہلاک ہوگئے۔بین الاقوامی میڈیا کے مطابق حادثہ ضلع چٹاگانگ میں ریلوے کراسنگ پر پھاٹک کھلا ہونے کے باعث پیش آیا، ہلاک شدگان میں 7 طلباء اور 4 اساتذہ شامل ہیں جن کی عمریں 11 سے 24 سال کے درمیان ہیں جبکہ 6 افراد زخمی ہیں جن میں کئی کی حالت نازک ہے۔

حادثے میں جاں بحق ہونے والے تمام افراد کوچنگ سینٹر کے طلباء اور اساتذہ تھے جو ایک تفریحی دورے پر گئے تھے جہاں سے واپسی پریہ حادثہ پیش آیا، بتایا جا رہا ہے کہ واقعے کے وقت ریلوے کراسنگ کا پھاٹک کھلا ہوا تھا جس کی وجہ سے ڈرائیور نے بس آگے بڑھا دی، بنگلہ دیشی حکام نے حادثے کی تحقیقات شروع کردی ہیں، یہ تمام طلبا ایس ایس سی اور ایچ ایس سی کی تیاری کر رہے تھے۔

چٹاگانگ ریلوے پولیس کے سربراہ ناظم الدین نے بتایا کہ ریلوے کراسنگ پرپھاٹک بند تھا لیکن بس نے اسے توڑ دیا، دو افراد ریلوے کراسنگ پر گیٹ کیپر کے طور پر کام کر رہے تھے جن میں سے ایک حادثے کے وقت ڈیوٹی پر تھا جسے پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے