معیشت کی بحالی اور ڈیفالٹ سے بچانے کیلئے مشکل فیصلے کئے، وزیراعظم
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے معیشت کی بحالی اور ڈیفالٹ سے بچانے کیلئے مشکل فیصلے کئے۔وزیرِ اعظم شہباز شریف سے پاک امریکن بزنس فورم کے وفد نے وزیر اعظم ہاوس میں ملاقات کی ۔ وفد میں سیکٹری جنرل پاک امریکن بزنس فورم وقار خان، صدر ریاض حسین اور سینئر نائب صدر انور اعظم شامل تھے۔ ملاقات میں وفاقی وزیرِ پارلیمانی امور مرتضی جاوید عباسی اور متعلقہ اعلی حکام بھی شریک تھے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ہم نے مشکل وقت میں ریاست پہلے، سیاست بعد میں کی پالیسی کے تحت حکومت کی باگ دوڑ سنبھالی۔ معیشت کی بحالی اور پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچانے کیلئے ہم نے مشکل فیصلے کئے ہیں۔ پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کا فروغ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ پاکستان میں انتشار اور معیشت کی تباہی کے ذمہ داران کے برعکس ہم محنت اور لگن سے ملکی ترقی کیلئے کوششیں کر رہے ہیں۔ قلیل مدتی اور طویل مدتی منصوبہ بندی پر عملدرآمد سے ہم بجلی کی پیدوار کا انحصار درآمدی تیل پر کم کرکے قابلِ تجدید ذرائع برؤئے کار لائیں گے۔ ہم ترجیحی بنیادوں پر 6-7 ہزار میگاواٹ قابلِ تجدید بشمول سولر اور ونڈ انرجی کے منصوبے شروع کرنے جا رہے ہیں۔ ہم نے لگژری اشیاء کی درآمد پر پابندی عائد کرنے کے ساتھ ساتھ غیر ضروری حکومتی اخراجات کو کم کیا۔