حکومت بلوچستان کاسیلاب متاثرین کی امداد اور بحالی کیلئے فنڈ ریزنگ پروگرام کے آغاز کا فیصلہ

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)حکومت بلوچستان نے سیلاب متاثرین کی امداد اور بحالی کے لئے فنڈ ریزنگ پروگرام کے آغاز کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے اس سلسلے میں وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو،صوبائی وزراء بشمول صوبائی ترجمان نے اس فنڈریزنگ پروگرام میں اپنی آدھی تنخواہیں دینے کا اعلان کر دیا ہے۔فنڈ ریزنگ پروگرام میں ملکی اور غیر ملکی اداروں اور شخصیات سے امداد کی اپیل کی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار ترجمان حکومت بلوچستان محترمہ فرح عظیم شاہ نے صوبے کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے اپنے ایک بیان میں کیا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ صوبائی حکومت سیلاب متاثرین کی مکمل بحالی تک چین سے نہیں بیٹھے گی۔اورمشکل کی اس گھڑی میں پاکستانی عوام سیلاب متاثرین کی بھرپور امداد کریں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ ہنگامی صورتحال اور قدرتی آفات میں وزیراعلیٰ بلوچستان صوبائی وزراء،چیف سیکرٹری بلوچستان،ضلعی انتظامیہ اور دیگر امدادی اور ریسکیو ادارے دن رات مصروف عمل ہیں۔جبکہ سیلاب متاثرین کی ریسکیو اور ریلیف کی سرگرمیوں میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ الیکٹرونک اور سوشل میڈیا پر بے بنیاد اور غیر ضروری خبروں کو بنیاد بنا کر ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں پر تنقید سے گریز کیا جائے۔بے جا اورغیر ضروری تنقید کرنے کے بجائے لوگوں کی مشکلات اور پریشانی میں صوبائی حکومت انتظامیہ اور دیگر اداروں کا ساتھ دیں۔کیونکہ بلا جواز اور بے بنیاد تنقید سے سیلاب متاثرین کی مشکلات میں اضافہ اور عوام میں مایوسی پھیل رہی ہے۔سوشل میڈیا کے ذریعہ عوام کو حکومتی امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے باخبر رکھیں۔ ترجمان صوبائی حکومت نے کہا کہ موجودہ آفات اور ہنگامی صورت حال میں تمام ادارے ریسکیو اور ریلیف کی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔لہذا اس صورت حال میں الیکٹرونک اور سوشل میڈیا پر مثبت رجحانات کو فروغ دینے کی اشد ضرورت ہے۔ غلط معلومات اور ڈس انفارمیشن کی لہر ہمارے ملک اور معاشرے کو اپنی لپیٹ میں لے رہی ہے۔ نوجوان نسل سوشل میڈیا کا استعمال تعمیری سوچ اور مثبت رجحانات کے فروغ کے لیے کریں۔انہوں نے کہا کہ سماج دشمن عناصر سوشل میڈیا کے ذریعے فرقہ واریت، لسانیت اور قومیت کو بنیاد بنا کر ہمارے درمیان تفریق ڈالنے کی ناکام کوشش کررہے ہیں نوجوان دشمن کے آلہ کار بننے کے بجائے بحثیت پاکستانی قوم ہر محاذ پر اپنے ملک اور وطن کا دفاع کریں۔عوام ملک دشمن عناصر کی تمام تر سازشوں کو سمجھ کر بحیثیت پاکستانی انہیں ناکام بنائیں۔انہوں نے عوام کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ دکھ و تکلیف کی اس گھڑی میں ہمیں بحیثیت انسانیت،قوم اور پاکستانی ہونے کے ناطے سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے آگے بڑھیں۔کسی بھی آفت اور مشکل گھڑی میں اتفاق کی ضرورت ہوتی ہے اس موقع پر نوجوان آگے بڑھ کر امدادی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ موجودہ صورتحال میں تمام اسٹیک ہولڈرز فیلڈ میں موجود ہیں اور صوبائی حکومت عوام کو اس مشکل گھڑی میں تہنا نہیں چھوڑیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے