میرعبدالقدوس بزنجو نے موجودہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر اپنا انگلینڈ کا سرکاری دورہ منسوخ کر دیا ہے، فرح عظیم شاہ

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) حکومت بلوچستان کی ترجمان فرح عظیم شاہ نے بلوچستان میں حالیہ بارشوں کی وجہ سے سیلابی صورتحال پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے صوبے میں موجودہ ہنگامی اور سیلابی صورتحال کے پیش نظر اپنا انگلینڈ کا سرکاری دورہ منسوخ کر دیا ہے اس حوالے سے انہوں نے تمام وزراء، ایم پی اے اور انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقے میں موجود رہے کر موجودہ صورتحال میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن کی نگرانی اور لوگوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے اقدامات اٹھائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی قیادت میں صوبائی حکومت سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پرعزم اور مستعد ہے اور ہرممکن اقدامات کئے جارہے ہیں انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان اور حکومتی مشینری کی تمام تر توجہ صوبے میں ہونے والے نقصانات پر مرکوز ہے اور عوام کو ریلیف پہنچانے کے لیے پی ڈی ایم اے،محکمہ صحت سمیت تمام ادارے ایک پیج پر ہیں۔تمام اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں تاکہ عوام کی بھر پور مدد کرکے صوبے کو موجودہ سیلابی صورتحال سے نکالا جاسکے۔وزیراعلی بلوچستان سمیت تمام حکومتی اعلیٰ عہدیداران سلابی صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں اور تمام ضروری اقدامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے قدرتی آفات میں ہم سب کی ذمہ داری اپنا مثبت کردار ادا کرکے ذمہ داری کا ثبوت دیں تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف پہنچایا جا سکے، جلد بازی سے اجتناب کیا جائے اور یقینی بنایا جائے کہ محفوظ مقامات پر منتقل ہو کر غیر ضروری سفر نہ کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے