تمام سڑکوں پر آمدورفت کوجلد ازجلد بحال کیا جائے،وفاقی وزیر مواصلات اسعد محمود

اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) نیشنل ہائی وے اتھارٹی حالیہ مون سون سیزن میں شدید بارشوں اور سیلاب کی صورت حال میں اپنے نیٹ ورک پر ٹریفک کی آمدورفت کو بحال رکھنے کیلئے موثر اقدامات کر رہی ہے،این ایچ اے کو موصول ہونے والی تفصیلات کے مطابق مانسہرہ،ناران۔جلکھڈ روڈ، بڑے پتھروں کے گرنے کی وجہ دو مقامات پر بند ہوئی ہے،سڑک کو کھولنے کیلئے 3 ایکسکویٹرز سائٹ پر پہنچا دیئے گئے ہیں،اسی طرح بلوچستان میں حب اتھل سیکشن کو ٹریفک کیلئے کھول دیا گیاہے اور بیلہ تک باقی ماندہ سیکشنوں کو کھولنے کیلئے اقدامات زیر عمل ہیں۔شاہراہ قراقرم(N-35)کلومیٹر303 نذد داسو چائنیز کیمپ متعدد مرتبہ MudFlow کی وجہ سے ٹریفک کیلئے بند ہوئی،جسے اب ٹریفک کیلئے بحال کردیا گیا ہے۔اس مقام پر مشینری 24 گھنٹے کسی قسم کی ایمرجنسی سے نمٹنے کیلئے تیار ہے۔بلوچستان میں وانگو ہلز کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ کو 2 ایکسکویٹرز،2 ٹریکٹرز اور 2 ٹریکٹر ٹرالی کی مدد سے کلیئر کیاجارہا ہے۔این ایچ اے لاہور کے جنرل منیجر افتخار ساجد کے مطابق انڈس ہائی وے پر تونسہ کے قریب سیلاب کی وجہ سے پڑنے والے کٹ (Cut)کو پْرکرکے سڑک کو ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا۔وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز اسعد محمود نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو ہدایت کی ہے کہ حالیہ برسات کے سیزن میں اتھارٹی کے نیٹ ورک پر ٹریفک کو جاری رکھنے کیلئے فوری عملی اقدامات کئے جائیں تاکہ لوگوں کو آمدورفت کی سہولت میسر رہے۔واضح رہے کہ وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان شہباز شریف اوروفاقی وزیر مواصلات وپوسٹل سروسز اسعد محمود کی ہدایات پر وفاقی سیکرٹری مواصلات وچیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی کیپٹن (ر) محمد خرم آ غا نے کراچی۔ کوئٹہ شاہراہ (N-25) پر حب پل کے مقام کا دورہ کیا۔25جولائی کو شدید بارش اور سیلاب کی وجہ سے حب پل کے 2 سپین(Span) منہدم ہو گئے تھے،جبکہ اس پل کو ستونوں میں کٹاؤ کی وجہ سے 22 جولائی کو ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا تھا اور ٹریفک کو حب بائی پاس کی طرف موڑ دیا گیا تھا۔حب پل کو کمیونیکیشن اینڈ ورکس ڈیپارٹمنٹ نے 1962 میں تعمیر کیا تھا۔حب پل کے 24 سپین(Span) تھے او ر ہر سپین25 میٹر کا تھا۔پل کی چوڑائی 8.50 میٹر تھی۔یہ پل اپنی مدت پوری کرچکا تھا اورموجودہ دور کی بھاری ٹریفک کا وزن برداشت کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتا تھا۔مزید برآں حالیہ مون سون کی شدیدبارشوں کے دوران پل کی حالت مزید خراب ہوگئی اور یہ شیر شاہ پل کی طرح کسی ناخوشگوار واقع کا سبب بن سکتا تھا،اس لئے ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے اس پل پر ٹریفک کی آمدورفت معطل کر دی گئی۔ حب پل کے باقیماندہSpansکی موجودہ حالت کے پیش نظر وفاقی وزیر مواصلات نے نئے حب پل کی تعمیر کی ہدایت کی ہے،جس کے نتیجے میں گزشتہ روز این ایچ اے ایگزیکٹو بورڈ نے نئے پل کی تعمیر کی باقاعدہ منظوری بھی دے دی ہے۔اس کے ساتھ ساتھ بیلا۔اتھل۔حب قومی شاہراہ پر ظاہر ہونے والے تمام شگافوں کو پْر کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ان امور پر ترجیحی بنیادوں پر عملدرآمد کیاجائے تاکہ سڑک استعمال کرنے والے لوگوں،مقامی آبادی اور صنعتی شعبوں کو سہولت فراہم ہوسکے۔انہوں نے آئندہ دنوں میں مون سون کی بارشوں کے پیش نظر حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانے کی ہدایت کی تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورت حال سے بروقت نمٹاجاسکے۔وفاقی وزیر مواصلات اسعد محمود نے کہا کہ چیئرمین این ایچ اے ماہرین تعمیرات کی ٹیم کے ہمراہ سندھ اور بلوچستان کی شاہراہوں کو سیلاب کی وجہ سے پہنچنے والے نقصانات کا بذات خود جائزہ لے رہے ہیں،جن کی مشاورت کی روشنی میں سڑکوں کی مکمل بحالی کیلئے منصوبہ بندی کی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے