بہن کی بارات اور بھائی کے ولیمے والے روز نوجوان بھائی قتل
کراچی میں بہن کی بارات اور بھائی کے ولیمے والے روز نوجوان بھائی کو معمولی تلخ کلامی پر قتل کر دیا گیاپولیس کے مطابق قتل ہونے والا نوجوان حماد لیاقت آباد کی بندھانی کالونی میں اپنے بہن اور بھائی کی شادی میں شریک تھا کہ اسی دوران اس کا جھگڑا ہو گیا۔مقتول حماد کے کزن آصف نے میڈیا کو بتایا کہ جس ہال میں حماد کے بہن بھائی کی شادی ہو رہی تھی اس کے برابر والے شادی ہال میں بھی ایک تقریب جاری تھی۔
آصف نے مزید بتایا کہ حماد شادی ہال سے نکل کر جا رہا تھا، راستہ نہ ملا تو اس نے راستہ مانگا جس پر تلخ کلامی ہو گئی، تلخ کلامی پر کار میں بیٹھے شخص نے فائرنگ کر دی، حماد کو سینے پر دو گولیاں لگیں جس سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ ملزم فرار ہو گیا۔مقتول حماد کے کزن نے بتایا کہ فائرنگ کرنے والا شخص برابر میں ہونے والی شادی میں شریک دلہے کا دوست ہے اور پولیس نے دلہے کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے۔