کراچی میں بارش کے دوران کرنٹ لگنے اور مختلف حادثات میں دو بچوں سمیت 8 افراد جاں بحق
کراچی(ڈیلی گرین گوادر)کراچی میں دو روز کی بارش کے دوران کرنٹ لگنے سمیت مختلف حادثات میں دو بچوں سمیت 8 افراد جاں بحق ہوئے۔ریسکیو حکام کے مطابق واقعات میں ایک بچی سمیت چار افراد کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوئے اورکرنٹ سے ہلاکتوں کے واقعات گھروں کے اندر ہوئے۔
اس کے علاوہ ایک بچی اور تین نوجوان ڈوب کر جاں بحق ہوئے۔کراچی میں تیسرے روز بھی مسلسل بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ منگھوپیر کے نور محمد بروہی گوٹھ میں کئی فٹ پانی جمع ہوگیا اور لوگوں کی قیمتی اشیا ڈوب گئیں۔
ڈیفنس میں مختلف مقامات سے پانی کی نکاس کا کام سست روی کا شکار ہے جبکہ خیابان شہباز سڑک ٹریفک کیلئے بند کرنا پڑی، خیابان راحت کی گلیاں، سڑکیں اور بخاری کمرشل ایریا پانی میں ڈوب گیا۔
کلفٹن سب میرین انڈر پاس میں بارش کا پانی بھرگیا، لیاقت آبادانڈرپاس میں گڑھے بن گئے، سندھ ہائی کورٹ سمیت دیگر عدالتوں کی صورتحال بھی ابتر ہے اور عدالت کے احاطے میں گندے پانی اور کیچڑ کے ڈھیر لگ گئے۔
کورنگی کاز وے ندی میں پانی کا بہاؤ تیسرے روز بھی جاری ہے جبکہ سبزی منڈی میں کئی فٹ پانی موجود ہے جس میں بغیر ڈور کانٹے بچے مچھلیاں پکڑرہےہیں۔محکمہ موسمیات کی آج اور کل کراچی سمیت سندھ کے اکثرمقامات پر تیز اورمعتدل بارش کی پیش گوئی کی ہے۔