محرم الحرام میں بھائی چارے کی فضاء برقراررکھنے کے لئے وسیع بنیادوں پراقدامات کئے گئے ہیں، سہیل الرحمان بلوچ

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)محرم الحرام کے دوران امن وامان کے قیام اور شرپسند عناصر کی بیخ کنی کے لیے تمام مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے علماء کرام ایک پیج پر ہیں محرم الحرام میں باہمی ہم آہنگی اور بھائی چارے کی فضاء برقرار رکھنے کے لئے وسیع بنیادوں پر اقدامات کئے گئے ہیں تاہم اس سلسلے میں تمام مکاتب فکر کے علماء کرام کے گرانقدر کردار کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا جو امن سلامتی اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لئے مثالی خدمات انجام دے رہے ہیں جن کی معاونت ومشاورت سے عشرہ محرم کے انتظامات کو بھی کامیاب بنائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار کمشنر کوئٹہ ڈویژن سہیل الرحمان بلوچ نے محرم الحرام کے دوران باہمی ہم آہنگی اور یکانگت کے فروغ کے سلسلے میں علماء کرام کے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کمانڈنٹ چلتن ریفلز،ڈپٹی کمشنر کوئٹہ شہک بلوچ،ایڈیشنل کمشنر کوئٹہ ڈاکٹر یاسر بازئی،ایڈمیسٹرٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ جبار بلوچ،ایس ایس پی آپریشنز عبدالحق عمرانی،ایس ایس پی ٹریفک کوئٹہ عرفان بشیر، ایم ڈی واسا خالد لطیف رانا،اسسٹنٹ کمشنر پولیٹیکل کوئٹہ ڈویژن بابر خان،تمام اسسٹنٹ کمشنرز، بلوچستان شیعہ کانفرنس کے عہدیداران،انجمن تاجران کے نمائندے، مولانا انوار الحق حقانی، قاری عبد الرشید،سابقہ کونسلر اسلم رند کے علاؤہ مختلف مکتبہ فکر کے علماء کرام اوردیگر افسران بھی موجود تھے۔کمشنر کوئٹہ ڈویژ ن سہیل الرحمان بلوچ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات کا تقاضا ہے کہ ہم اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھیں اور شرپسند عناصر کوکسی قسم کی تخریب کاری کا موقع نہ دیں۔اس مبارک ماہ میں باہمی راوداری،اتفاق اور اخوت کا مظاہرہ کرکے شرپسندوں کے ملزوم مقاصد کو ناکام بنائیں۔ ملک سے محبت،سلامتی اور قومی وحدت کا تقاضا ہے کہ امن کو فروغ دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے حوالے سے کوئیٹہ میں سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے جارہے ہیں تاکہ محرم الحرام کی تیاریوں میں کوئی کمی باقی نہ رہے۔انہوں نے کہا کہ علماء کرام اور دیگر کی تجاویز کی روشنی میں محرم الحرام کے انتظامات کو مزید مستحکم اور جامع بنانے میں مدد گار ثابت ہونگے۔انہوں نے کہا کہ کویٹہ شہر امن کاگہوارہ ہے جس کا اعزاز تمام مسالک کے علماء کرام کے سر ہے اور یہ تسلسل آئندہ بھی برقرار رکھا جائے۔ عشرہ محرم کے دوران تمام انتظامات کو مربوط بنانے میں علماء کرام اور انتظامیہ سے گہرارابطہ رکھیں اور آنے والی خامیاں فوری حل ہونی چاہیں۔انہوں نے کہا کہ کچھ عناصر ملک کو مستحکم اور قوم کو متحد نہیں دیکھ سکتے لیکن ہمیں اتحاد واتفاق قائم رکھتے ہوئے ان کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانا ہے۔انہوں کہا کہ امن وامان قائم رکھنے کے لئے تما م مکتبہ فکر کے علماء اکرم کی کاوشیں مثالی ہیں۔اجلاس میں شرکاء نے اپنے بھرپور تعاون کایقین دلاتے ہوئے بعض تجاویز پیش کیں اور کہا کہ ضابطہ اخلاق کی پابندی کویقینی بنایا جائے گا۔کمشنر کوئٹہ ڈویڑن نے کہا کہ امن عامہ کو درپیش چیلنجز کامقابلہ کرنے کے لئے قانون نافذ کرنے والے ادارے مربوط حکمت عملی کو ہر لحاظ سے جامع اور ٹھوس بنائیں۔ سیکورٹی ادارے باہمی رابطہ کو مستحکم رکھیں۔انہوں نے کہا کہ سیکورٹی انتظامات کے فل پروف بنانے کے لئے ہر ممکن وسائل فراہم کئے گئے ہیں لہذا محرم پلان پر عملدرآمد انتہائی ذمہ داری اور محنت سے فرائض انجام دینے کا متقاضی ہے۔اس موقع پر محرم الحرام کے انتظامات کومزید جامع بنانے کے لئے اپنی تجاویز پیش کیں اور کہا کہ بھرپور تعاون سے امن وامان کی صورتحال برقرار رکھیں گے اجلاس میں جلوس کے گزرگاہوں میں آنے والی تمام دکانوں کی جانچ پڑتال، روٹ پر صفائی ستھرائی، سیکیورٹی کلیئرنس،لوڈشڈنگ اور دیگر خصوصی انتظامات کے حوالے سے مختلف تجاویز بھی پیش کئے گئے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے